خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ضلع خوشاب کی تحصیل نورپور تھل کے گاؤں پیلووینس سے تعلق رکھنے
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ضلع خوشاب کی تحصیل نورپور تھل کے گاؤں پیلووینس سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم محمد یونس وقار جسرا نے ایک نمایاں بین الاقوامی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دنیا کے معروف اور انتہائی مسابقتی اسکالرشپ پروگرام Erasmus+ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جس پر عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے انہیں دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد یونس وقار اس وقت لتھوانیا میں زیر تعلیم ہیں اور انہوں نے اپنی مسلسل محنت، لگن اور غیر معمولی تعلیمی صلاحیتوں کی بدولت اس عالمی سطح کے پروگرام میں جگہ بنائی۔ Erasmus+ پروگرام کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں طلبہ درخواستیں جمع کرواتے ہیں، تاہم سخت مقابلے کے بعد صرف انہی امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے جو غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے طلبہ کو یورپ کے مختلف ممالک کی معروف جامعات میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے بہترین مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، جو ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے نہایت اہم سنگِ میل ثابت ہوتے ہیں۔ محمد یونس وقار کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ ضلع خوشاب اور سرگودھا ڈویژن سمیت پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
یاد رہے کہ محمد یونس وقار کا تعلق پیلووینس تھل کی معروف جسرا فیملی سے ہے، جو علاقے میں علمی و سماجی حوالے سے ایک نمایاں مقام رکھتی ہے۔ ان کی اس کامیابی کو نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے، جو یہ پیغام دیتی ہے کہ محنت، عزم اور مستقل مزاجی سے عالمی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔