طلبہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان
طلبہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان
طلبہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا بنیادی ستون ہوتے ہیں اور انہیں معیاری تعلیم کے ساتھ بہترین سہولیات کی فراہمی یونیورسٹی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔پروفیسر ڈاکٹر لطیف خان گوندل
ڈیرہ اسماعیل خان (نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر لطیف خان گوندل سے ڈی وی ایم (ڈاکٹر آف ویٹرنری میڈیسن) ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور انہیں درپیش مختلف تعلیمی و انتظامی مسائل سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران طلبہ نے کلاسز کے باقاعدہ شیڈول، لیبارٹریز میں جدید آلات اور سہولیات کی کمی، عملی تربیت (پریکٹیکل ورک) کے مواقع، ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبہ جاتی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ طلبہ نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی انتظامیہ ان مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے گی تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر لطیف خان گوندل نے طلبہ کے مسائل کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ ڈی وی ایم ڈیپارٹمنٹ کے مسائل کا فوری اور جامع جائزہ لے کر قابلِ عمل سفارشات پیش کی جائیں اور ایسے اقدامات یقینی بنائے جائیں جن سے طلبہ کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد خاتمہ ممکن ہو۔وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ طلبہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا بنیادی ستون ہوتے ہیں اور انہیں معیاری تعلیم کے ساتھ بہترین سہولیات کی فراہمی یونیورسٹی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کو ایک مثالی تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔آخر میں طلبہ کے وفد نے مسائل سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی کروانے پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی انتظامیہ کے اقدامات کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔