October 17, 2026

کمشنر سکھر کا خیرپور میں غیرقانونی کلینکس کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

Screenshot_2026-04-07_140726

کمشنر سکھر کا خیرپور میں غیرقانونی کلینکس کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل، ہیلتھ کیئر کمیشن بھی مہم میں شامل
عوام سے غیر معیاری و غیر رجسٹرڈ کلینکس کی نشاندہی کی اپیل، سخت قانونی کارروائی کا اعلان

سکھر(بیورورپورٹ)کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے ضلع خیرپور میں غیرقانونی اور غیر رجسٹرڈ کلینکس کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کریک ڈاؤن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں خیرپور کے مختلف علاقوں میں کلینکس کی جانچ پڑتال اور نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز (ACs) کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کے مطابق یہ خصوصی کمیٹیاں ضلع بھر میں فعال رہیں گی اور مختلف علاقوں میں قائم کلینکس، نجی علاج گاہوں اور میڈیکل سینٹرز کی باقاعدہ چیکنگ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹیموں کا مقصد ایسے اداروں کی نشاندہی کرنا ہے جو بغیر اجازت، غیر تربیت یافتہ عملے کے ذریعے علاج معالجہ کر رہے ہیں یا صحت کے بنیادی اصولوں اور حکومتی ضابطوں کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں۔کمشنر سکھر نے مزید بتایا کہ اس مہم کو مؤثر بنانے کے لیے ہیلتھ کیئر کمیشن کے افسران بھی آج خیرپور پہنچ رہے ہیں، جو انسپکشن اور کارروائی کے عمل میں بھرپور حصہ لیں گے۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی معاونت سے غیرقانونی کلینکس کے خلاف کارروائی مزید مضبوط اور قانونی بنیادوں پر کی جائے گی، تاکہ عوام کو غیر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے والوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ خیرپور میں کئی مقامات پر ایسے کلینکس کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جہاں بغیر رجسٹریشن، غیر مستند افراد مریضوں کا علاج کر رہے ہیں، جو عوام کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔کمشنر عابد سلیم قریشی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں قائم ایسے غیرقانونی، غیر معیاری یا ناقص سہولیات فراہم کرنے والے کلینکس کی نشاندہی کریں اور متعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دیں، تاکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔کمشنر سکھر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی کلینکس یا میڈیکل سینٹرز حکومتی ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس مہم کے دوران غیرقانونی کلینکس کو سیل کرنے، جرمانے عائد کرنے، متعلقہ افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے اور غیر رجسٹرڈ میڈیکل پریکٹس میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا بنیادی مقصد عوام کو محفوظ اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا اور جعلی و غیر مستند علاج کے ذریعے شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف مثال قائم کرنا ہے۔