ڈپٹی کمشنر آفس سکھر میں چیچک (پوکس) بیماری کے خلاف ایمرجنسی کنٹرول روم قائم۔
ڈپٹی کمشنر آفس سکھر میں چیچک (پوکس) بیماری کے خلاف ایمرجنسی کنٹرول روم قائم۔
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر ضلع میں بچوں کو شدید متاثر کرنے والی بیماری آرائی (پوکس) کے پھیلاؤ کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر احتیاطی اقدامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں ماجد علی ماکو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں معلومات کے لیے 0719310600 اور 0719310609 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر اور یونین کونسلز میں فوری طور پر فومیگیشن مہم شروع کی جائے گی۔روہڑی، پنوں عاقل، صالح پٹ اور دیگر علاقوں میں لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جانوروں کی ویکسینیشن اور اسپرے کیا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ماجد علی ماکو نے کہا کہ یہ بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس پر قابو پانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ اسپرے اور ویکسینیشن مؤثر بنائی جائے ۔ تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم چلائی جائے ۔ شہری اور دیہی علاقوں میں بھرپور اقدامات کیے جائیں ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید علی گل شاہ نے بتایا کہ اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف تعینات ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ بیماری جانوروں سے انسانوں اور انسانوں سے جانوروں میں منتقل ہو سکتی ہے اور خاص طور پر بچوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، کیونکہ غلط علاج کی وجہ سے بچوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ جانوروں کی ویکسینیشن اور اسپرے جاری ہے ۔مویشی منڈیوں میں کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ مزید یہ کہ بیماری کے پھیلاؤ کی وجوہات میں باربر شاپس میں صفائی کا فقدان، ناقص خوراک، عمومی حفظانِ صحت کی کمی شامل ہیں ۔ تعلیم کے محکمے نے بتایا کہ تمام اسکولوں کے سربراہان کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور طلبہ میں علامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ہیلتھ کیئر حکام کے مطابق سکھر کے ساتھ ساتھ خیرپور اور گھوٹکی میں بھی نگرانی کا عمل جاری ہے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں نے باہمی رابطہ مضبوط بنانے اور بیماری کے خلاف مؤثر اقدامات پر عمل درآمد کا عزم ظاہر کیا۔