کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کا ڈپٹی کمشنر آفس خیرپور کا دورہ، کنٹرول روم کا معائنہ، خسرہ و دیگر جلدی امراض پر بریفنگ
کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کا ڈپٹی کمشنر آفس خیرپور کا دورہ، کنٹرول روم کا معائنہ، خسرہ و دیگر جلدی امراض پر بریفنگ
خیرپور(بیورورپورٹ)کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے ڈپٹی کمشنر آفس خیرپور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) خیرپور ڈاکٹر برکت کانہر نے کمشنر کو ضلع میں خسرہ، چکن پاکس اور دیگر جلدی امراض کی صورتحال کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور نے بتایا کہ ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھا گیا ہے جہاں سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ضلع میں ادویات اور ویکسین کی وافر مقدار موجود ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل رابطہ اور ہم آہنگی قائم ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسپتالوں میں بروقت آئسولیشن وارڈز کے قیام کے باعث جلدی بیماریوں پر خاطر خواہ حد تک قابو پایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے پاس نہ تو مؤثر ڈیٹا موجود ہے اور نہ ہی مناسب میپنگ کی گئی ہے، جس کے باعث اس کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی اپنی تحصیلوں سے جبکہ تپیداروں کو اپنے متعلقہ تپوں سے باقاعدہ رپورٹس فراہم کرنے کا پابند بنایا ہے تاکہ صورتحال کی مؤثر نگرانی اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی ایچ او خیرپور نے بریفنگ میں بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں فیلڈ میں مسلسل کام کر رہی ہیں اور متاثرہ بچوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں فعال ہیں اور مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کیے جا چکے ہیں جہاں متاثرہ مریضوں کو الگ رکھ کر علاج کیا جا رہا ہے اور خصوصاً بچوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ہیلتھ ٹیمیں فیلڈ میں بھی اسکریننگ، تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔ کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کے لیے واضح ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ، چکن پاکس اور دیگر جلدی امراض کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات مزید تیز کیے جائیں۔ تمام تحصیلوں میں آئسولیشن وارڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور دور دراز علاقوں تک رسائی یقینی بنائی جائے اور کنٹرول روم کو مکمل طور پر فعال رکھتے ہوئے 24/7 مانیٹرنگ کا مؤثر نظام قائم رکھا جائے۔ انہوں نے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلانے، خاص طور پر صفائی اور احتیاطی تدابیر پر زور دیا۔ کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے کہا کہ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان قریبی رابطہ اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنایا جائے، اسکولوں میں بچوں کی اسکریننگ اور ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے جبکہ ادویات، ویکسین اور دیگر ضروری طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس میکانزم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ کمشنر سکھر نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کاوشوں کو بھی سراہا۔