ٹھٹھہ رپوٹ عبدالعزیز شیخ ٹھٹھہ میں محکمہ زراعت کے افسران کے خلاف کرپشن
ٹھٹھہ
رپوٹ عبدالعزیز شیخ
ٹھٹھہ میں محکمہ زراعت کے افسران کے خلاف کرپشن کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں، جہاں ہاری کارڈ اور مختلف سبسڈی اسکیمیں، جو دراصل کسانوں کی فلاح کے لیے شروع کی گئی تھیں، اب مبینہ طور پر کرپشن، اقرباپروری اور بدانتظامی کا شکار ہو چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں غریب کسانوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، جبکہ بااثر اور سفارشی عناصر کو ترجیح دے کر فوائد فراہم کیے جا رہے ہیں۔ الزامات ہیں کہ افسران بروکروں کے ذریعے غیرقانونی طور پر رقوم وصول کر کے کام کروا رہے ہیں، جس کے باعث عام کاشتکار شدید پریشانی اور ذلت کا شکار ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کئی حقیقی کسان تاحال ہاری کارڈ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، جبکہ گندم اور یوریا کھاد کی سبسڈی بھی انہیں فراہم نہیں کی گئی۔ اس کے برعکس بااثر افراد تمام فوائد باآسانی حاصل کر رہے ہیں، جو نظام میں شفافیت کے فقدان کو ظاہر کرتا ہے۔
دوسری جانب ہر سال ضلع کی مختلف یونین کونسلوں کے لیے ڈیمو پلانٹس کے نام پر جاری ہونے والے فنڈز پر بھی خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں سے انہیں کوئی عملی فائدہ نہیں پہنچا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فنڈز بھی مبینہ طور پر کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ زرعی مشینری اور دیگر ترقیاتی بجٹس میں بھی بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آ رہے ہیں۔
مقامی کسانوں اور سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے۔ خصوصاً ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کروا کر ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کریں، تاکہ کسانوں کو ان کے جائز حقوق مل سکیں اور ضلع میں کرپشن کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔