November 17, 2026

معروف مذہبی رہنما حافظ محمد رمضان نعمانی کی تعلیمی افتتاحی تقریب سے خطاب

IMG-20260403-WA0267(1)

معروف مذہبی رہنما حافظ محمد رمضان نعمانی کی تعلیمی افتتاحی تقریب سے خطاب

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز)معروف مذہبی رہنما حافظ محمد رمضان نعمانی نے کہا ہے کہ علم کے ساتھ ادب سیکھنا انتہائی ضروری ہے۔ طلبہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں، بڑوں کی عزت کریں اور اپنے اخلاق کو سنواریں، کیونکہ یہی راستہ انسان کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچاتا ہے۔ اگر انسان علم اور ادب کو اپنا لے تو کامیابی ایک دن ضرور اس کے قدموں میں آتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تعلیم القرآن جامعہ ربانیہ و نعمانیہ سکر میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر منعقدہ روح پرور اور باوقار افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت حافظ محمد زمان ربانی نے کی۔تقریب کے دوران مقررین نے اپنے موثر خطابات میں طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جس مقام پر پہنچے ہیں، یہ ہمارے اساتذہ کی بے انتہا محنت، کوششوں اور دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی کبھی طلبہ کی طرح تھے اور آہستہ آہستہ علم حاصل کیا اور آداب سیکھے، اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ وہ صبر، محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔
مقررین نے مزید کہا کہ قاری اسداللہ اوگاہی کی خلوص پر مبنی محنت اور دن رات کی جدوجہد اس ادارے کو ترقی کی راہوں پر گامزن کر رہی ہے، اور ان شاء اللہ یہ درسگاہ دن رات ترقی کرتی رہے گی اور دین اسلام کی خدمت کا مرکز بنے گی۔تقریب کے اختتام پر خصوصی دعا مانگی گئی جس میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی گئی کہ یہ ادارہ ہر قسم کے شر، حسد کرنے والوں کے حسد، فتنوں، آزمائشوں اور بری نظر سے محفوظ رہے اور ہمیشہ دین کی خدمت کے لیے ایک مضبوط قلعہ بنا رہے۔