نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)پاکستان ڈاؤن سنڈروم ایسوسی ایشن کی جانب سے نوابشاہ میں
نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)پاکستان ڈاؤن سنڈروم ایسوسی ایشن کی جانب سے نوابشاہ میں ڈاؤن سنڈروم کا عالمی دن اور عالمی دن یومِ آگاہی برائے آٹزم کا انعقاد پاکستان ڈاؤن سنڈروم ایسوسی ایشن (PDSA) نے نوابشاہ میں عالمی یومِ ڈاؤن سنڈروم (21 مارچ) اور عالمی یومِ آگاہی برائے آٹزم (2 اپریل) بھرپور انداز میں منایا، جس کا مقصد ذہنی و نشوونمائی معذوری کے حامل افراد کے لیے آگاہی پیدا کرنا اور ان کے سماجی انضمام کو فروغ دینا تھا۔
اس تقریب میں ڈاؤن سنڈروم اور آٹزم سے متاثرہ بچوں، ان کے والدین، اساتذہ، تھیراپسٹ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران آگاہی نشستوں، تعلیمی سرگرمیاں اور مکالماتی نشستیں منعقد کی گئیں، جن میں ابتدائی مداخلت، جامع تعلیم اور مساوی مواقع کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عابد لاشاری، تمغۂ امتیاز، چیف ایگزیکٹو آفیسر PDSA پاکستان اور صدر NDF پاکستان نے کہا کہ یہ عالمی دن ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ معذور افراد کے لیے عزت، احترام اور شمولیت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہاڈاؤن سنڈروم اور آٹزم کے حامل بچوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہوتی ہے۔ مناسب معاونت، قبولیت اور مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ بچے باوقار اور خودمختار زندگی گزار سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی موضوعات کے مطابق معاونتی نظام کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ بچوں کو معیاری بحالی خدمات، تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ تک رسائی حاصل ہو سکے، خصوصاً نوابشاہ اور گرد و نواح کے پسماندہ علاقوں میں والدین اور شرکاء نے پی ڈی ایس اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ سندھ حکومت DEPD کے اشتراک سے آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ فزیوتھراپی، اسپیچ تھراپی، آکوپیشنل تھراپی، سائیکوتھراپی اور تعلیمی معاونت جیسی اہم خدمات بھی فراہم کر رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت، ترقیاتی ادارے اور کمیونٹی مل کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں گے جہاں کوئی بھی فرد پیچھے نہ رہ جائے۔