November 17, 2026

لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے)وفاقی وزیر برائے مواصلات اور چیئرمین استحکامِ پاکستان پارٹی

IMG-20260403-WA0022(2)

لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے)وفاقی وزیر برائے مواصلات اور چیئرمین استحکامِ پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات و ایم این اے (خوشاب ) انجینئر ملک گل اصغر خان بگھور اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آسٹریلیا ملک محمد نواز کلیرا نے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، ملکی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ملک محمد نواز کلیرا نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے تاکہ وہ ملکی سیاست میں بھرپور حصہ لے سکیں اور پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کریں۔
عبدالعلیم خان نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سن کر یقین دہانی کروائی کہ حکومت بیرونِ ملک پاکستانیوں کی سہولت اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اوورسیز کمیونٹی کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر انجینئر ملک گل اصغر بگھور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ وہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
ملاقات کے اختتام پر ملکی ترقی، اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔