سکھر معذور اتحاد کا احتجاجی مظاہرہ، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا مطالبہ
سکھر معذور اتحاد کا احتجاجی مظاہرہ، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر معذور اتحاد سکھر کی جانب سے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے اور معذور افراد کے جائز مطالبات نظر انداز کیے جانے پر سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اتحاد کے چیئرمین سید کفایت اللہ شاہ بخاری، صدر شاہنواز، سینئر نائب صدر طالب حسین سمیت دیگر رہنماؤں اور معذور افراد نے احتجاجی کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کے ساتھ ناانصافیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ سکھر ریجن میں مجموعی طور پر 1800 معذور افراد رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے 352 اہل معذور افراد نے مختلف سرکاری محکموں میں معذور کوٹہ کے تحت ملازمتوں کے لیے درخواستیں دی تھیں، مگر انہیں نظرانداز کر دیا گیا۔ اس پر متاثرہ معذور افراد نے عدالت میں پٹیشن دائر کی، جس کے بعد عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا اور تمام متعلقہ محکموں کو پابند کیا کہ معذور افراد کو ان کے مخصوص کوٹہ کے تحت ملازمتیں فراہم کی جائیں۔احتجاجی مظاہرین کا الزام تھا کہ عدالتی فیصلے کو نظرانداز کرتے ہوئے صرف من پسند افراد اور سیاسی بنیادوں پر تقرریاں کی جا رہی ہیں، جبکہ مستحق اور اہل معذور افراد کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔مظاہرین نے اپنے خطاب میں چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ اور تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران سے پرزور مطالبہ کیا کہ معذور افراد کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے اور عدالتی فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جائز مطالبات پورے کیے جائیں تاکہ معذور افراد میں پائی جانے والی بے چینی اور مایوسی کا خاتمہ ہو سکے۔احتجاج کے دوران اتحاد کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات جلد از جلد پورے نہیں کیے گئے تو وہ احتجاجی تحریک کو مزید وسیع کریں گے۔