November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید ۔نصیر حسین زیدی)آبائی شہر روہڑی کو سنوارنے کے لیے صوبائی وزیر بلدیات

Screenshot_2026-03-30_122156

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید ۔نصیر حسین زیدی)آبائی شہر روہڑی کو سنوارنے کے لیے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی جانب سے جاری کیے گئے کروڑوں روپے کے فنڈز مبینہ طور پر کرپشن کا شکار ہو گئے ہیں، جبکہ ترقیاتی کام بھی سستی اور لاپرواہی کے باعث رکاوٹ کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اعلان کردہ منصوبوں کے باوجود روہڑی کے بنیادی مسائل اب تک حل نہیں ہو سکے۔ذرائع کے مطابق شہر میں صفائی، نکاسی آب، ٹوٹی سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹس کے مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں، لیکن متعلقہ عملدرآمد اور افسران کی کرپشن کے باعث صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اکاؤنٹس برانچ میں تعینات افسر علی گلزار قاضی، سی ایم او امتیاز سومرو، آفس سپرنٹنڈنٹ غلام قادر رک اور ٹھیکیدار عمران جن کا کرپشن کے لیے ایک ٹولہ بنا ہوا ہے۔ یہ افراد کرپشن کے ماہر ہیں اور فنڈز کے صحیح استعمال کے بجائے مبینہ طور پر کرپشن کے ذریعے کروڑوں روپے ہڑپ کر رہے ہیں۔شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ ایسے کرپٹ افراد منظور نظر افسران کو فائدہ پہنچا کر اہم ذمہ داریاں حاصل کر رہے ہیں۔ علاقے کے باشندوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے نام پر محض کاغذی کارروائی کی گئی ہے، جبکہ عملی طور پر کوئی قابل ذکر کام نظر نہیں آ رہا۔انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پورے معاملے کی شفاف انکوائری کرائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہر کو حقیقی معنوں میں ترقی دی جا سکے اور عوامی مسائل حل ہو سکیں۔واضح رہے کہ روہڑی ضلع سکھر کا ایک اہم شہر ہے جہاں گزشتہ کئی برسوں سے بنیادی سہولیات کی فراہمی میں شدید مسائل درپیش ہیں۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مسائل کا فوری حل نہ نکالا گیا تو وہ احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔