اسسٹنٹ کمشنر نورپورتھل کی قیادت میں پیرا فورس کا متحرک کردار — عوامی و سماجی حلقوں کا خراجِ تحسین خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
اسسٹنٹ کمشنر نورپورتھل کی قیادت میں پیرا فورس کا متحرک کردار — عوامی و سماجی حلقوں کا خراجِ تحسین
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
تحصیل نورپورتھل میں حالیہ دنوں میں انتظامی بہتری، صفائی ستھرائی، اور عوامی مسائل کے فوری حل کے حوالے سے جو مثبت تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں، ان میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ہارون احمد شیراز کی مؤثر قیادت اور پیرا فورس کے متحرک کردار کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس مثالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تقلید قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر ہارون احمد شیراز نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی نہ صرف سرکاری امور میں شفافیت کو یقینی بنایا بلکہ عوامی خدمت کے جذبے کو بھی عملی شکل دی۔ ان کی زیر نگرانی پیرا فورس نے تحصیل بھر میں صفائی مہم، تجاوزات کے خاتمے، اور سرکاری رٹ کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کیے۔ یہی وجہ ہے یہاں کہ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر نمایاں بہتری محسوس کی جا رہی ہے۔
پیرا فورس کی کارکردگی کا سب سے اہم پہلو اس کا فوری ردعمل اور متحرک طرزِ عمل ہے۔ جہاں کہیں بھی عوامی شکایات موصول ہوئیں، فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنایا۔ خصوصاً “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی کے معیار کو بہتر بنانے میں تحصیل انتظامیہ نے نمایاں کردار ادا کیا ہے جس کا کریڈٹ اسسٹنٹ کمشنر جناب ڈاکٹر ہارون احمد شیراز کو جاتاہے، جسے شہریوں نے بے حد سراہاہے۔
عوامی و سماجی شخصیات کا کہنا ہے کہ ماضی میں جن مسائل کو نظر انداز کیا جاتا تھا، اب ان پر فوری توجہ دی جا رہی ہے اور سرکاری احکامات پر عملدرآمد نے عوام کا اعتماد بحال کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر ہارون احمد شیراز کی قائدانہ صلاحیتیں اور ان کی ٹیم کی ہم آہنگی قابلِ ذکر ہے۔
مزید برآں، اسسٹنٹ کمشنر جناب ڈاکٹر ہارون احمد شیراز کی جانب سے فیلڈ وزٹس کا تسلسل بھی انتظامی بہتری کا ایک اہم عنصر ہے۔ وہ خود مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نہ صرف صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں بلکہ موقع پر ہی احکامات جاری کرکے مسائل کے فوری حل کو یقینی بناتے ہیں۔ اس عمل نے سرکاری مشینری کو مزید فعال اور جوابدہ بنایا ہے۔
سماجی حلقوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ اس طرح کی متحرک اور عوام دوست قیادت ہی دراصل گورننس کے نظام کو مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر ہارون احمد شیراز جیسے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کی بہتری لائی جا سکے۔
آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ نورپورتھل میں پیرا فورس کی سرگرمیاں اور اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت ایک مثبت مثال بن چکی ہے۔ عوام کی توقعات بھی اب اسی تسلسل کی متقاضی ہیں، اور اسسٹنٹ کمشنر کی زیر قیادت یقیناً یہ پیرافورس کی ٹیم ان توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔