November 17, 2026

سکھر: تاج فارم میں تنازعہ پر فائرنگ، پانچ افراد زخمی، شیخ برادری کا احتجاج

IMG-20260327-WA0242

سکھر: تاج فارم میں تنازعہ پر فائرنگ، پانچ افراد زخمی، شیخ برادری کا احتجاج

سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سکھر کے علاقے صالح پٹ کے تاج فارم میں شیخ برادری اور ماریٹھا برادری کے درمیان فصل کو نقصان پہنچانے کے تنازعہ نے سنگین صورت اختیار کر لی۔ ماریٹھا برادری کے مبینہ مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد متاثرہ شیخ برادری کے افراد نے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے قانونی کارروائی اور تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاجی مظاہرین میں حب علی شیخ، نواب شیخ، اربیلو شیخ، حکیم شیخ اور جھانگیر شیخ سمیت دیگر شامل تھے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ماریٹھا برادری کے افراد نے ان کی تیار شدہ فصل پر جانور چھوڑ دیے۔ جب انہیں منع کیا گیا تو مبینہ طور پر ماریٹھا برادری کے مسلح افراد نے اندھا دھن فائرنگ شروع کر دی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس فائرنگ کے نتیجے میں علی ڈنو شیخ، گل بہار شیخ، کامران شیخ، نصیر شیخ، اور علی نواز زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ گل بہار شیخ کے سر پر گولی لگی ہے جس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔متاثرہ افراد کا الزام ہے کہ واقعہ کے بعد ماریٹھا برادری کے بااثر جوابدار عثمان ماریٹھا، گل شیر ماریٹھا، علی مراد ماریٹھا، علی شیر ماریٹھا اور دیگر انہیں جان لیوا دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اگرچہ متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مگر مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس بااثر جوابداروں کا ساتھ دے رہی ہے اور ان سے مبینہ طور پر رشوت طلب کی جا رہی ہے۔احتجاج کرنے والوں نے شدید الفاظ میں کہا کہ “گولیاں لگنے سے زخمی ہمارے افراد ہوئے، فصل کا نقصان بھی ہمارا ہوا، مگر تھانہ صالح پٹ کو اطلاع دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔”مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے پرزور مطالبہ کیا کہ مذکورہ ملزمان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ تاہم متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں اب تک انصاف نہیں مل سکا ہے۔