November 17, 2026

سکھر: میرپور ماتھیلو کے کولاچی برادری کے افراد کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج، قاتلوں کی عدم گرفتاری پر شدید احتجاج

IMG-20260327-WA0234

سکھر: میرپور ماتھیلو کے کولاچی برادری کے افراد کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج، قاتلوں کی عدم گرفتاری پر شدید احتجاج

سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)میرپور ماتھیلو ضلع گھوٹکی کے رہائشی کولاچی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھائی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر رشوت طلب کیے جانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ انہوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کے لیے شدید نعرے بازی کی۔تفصیلات کے مطابق میرپور ماتھیلو کوثر کالونی ضلع گھوٹکی کے رہائشی کولاچی برادری کے افراد بڑی تعداد میں سکھر پریس کلب کے سامنے جمع ہوئے احتجاجی مظاہرے میں شامل دیدار کولاچی، اسرار، وقار احمد، سمیع کولاچی، کمال مہر مرکزی رہنماء جئے سندھ محاذ، الٰہی بخش چاچڑ مرکزی رہنماء جئے سندھ محاذ، اکرم میتلو، نزیر شیخ اور زبیر کولاچی نے بتایا کہ چار ماہ قبل قتل ہونے والے نوجوان ابرار کولاچی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے احتجاج کیا جارہا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ جائیداد کے تنازعہ کے باعث چار ماہ قبل نوجوان ابرار کولاچی کو اس کی بیوی آسیہ نے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر گھر میں گھس کر بے دردی سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔مظاہرین کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان نے گھر میں لوٹ مار بھی کی اور باآسانی فرار ہو گئے۔ مقتول ابرار کولاچی کے بھائیوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ گھر میں موجود تقریباً ایک کلو سونا اور ایک کروڑ روپے سے زائد نقدی مقتول کی بیوی آسیہ اور اس کے بھائی اپنے ہمراہ لے گئے۔احتجاج میں شریک افراد نے مزید بتایا کہ قتل میں ملوث آٹھ ملزمان نے ابرار کولاچی کو جائیداد اور پیسوں کی لالچ میں قتل کیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے چھ ملزمان جن میں شعیب کولاچی، کاشف کولاچی، روشن کولاچی، ضمیر کولاچی، فیصل کولاچی اور مقتول کی بیوی آسیہ کو گرفتار کر لیا، تاہم قتل میں ملوث دو مرکزی ملزمان ابرار کولاچی اور سلیم کولاچی تاحال گرفتار نہیں کیے جا سکے۔مظاہرین نے پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ انصاف فراہم کرنے کے بجائے مبینہ طور پر رشوت طلب کر رہی ہے جس کے باعث مرکزی ملزمان کی گرفتاری میں تاخیر ہو رہی ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ چار ماہ گزر جانے کے باوجود قاتل آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ متاثرہ خاندان کو مسلسل دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔احتجاجی مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر ریجن، ایس ایس پی گھوٹکی اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث مرکزی ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے، مقتول کے ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ دیا جائے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر جلد ملزمان گرفتار نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر کے سندھ بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے۔