November 17, 2026

سکھر( )یومِ پاکستان کے موقع پر ضلع سکھر کے کچے کے علاقے گاؤں کریم بخش مہر میں ایک باوقار اور

IMG-20260323-WA0106

سکھر( )یومِ پاکستان کے موقع پر ضلع سکھر کے کچے کے علاقے گاؤں کریم بخش مہر میں ایک باوقار اور پُرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی افراد، معززینِ علاقہ، سماجی رہنماؤں اور سرکاری افسران نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے قومی جذبے کا عملی مظاہرہ کیا۔ تقریب گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول (جی بی پی ایس) گاؤں کریم بخش مہر نزد قدیم قادرآباد تھانہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سکھر بشریٰ منصور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جن کا آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن خان محمد، ای ڈی او سیکنڈری سکھر غلام مرتضیٰ شاہ، پی پی ایچ آئی سکھر کے ڈاکٹر حبیب اللہ، پولیس حکام سمیت متعلقہ افسران اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح 11 بجے قومی پرچم کشائی سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ قومی ترانے کی گونج سے فضا حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو گئی اور شرکاء میں نیا ولولہ پیدا ہوا۔اپنے خطاب میں اسسٹنٹ کمشنر بشریٰ منصور نے قراردادِ لاہور 1940 کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد، قربانیوں اور بلند حوصلے و پختہ عزم کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے ان سنہری اصولوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بنیاد پر یہ عظیم مملکت قائم ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن اس عزم کی تجدید کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ملک کے ہر حصے بالخصوص کچے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مقامی افراد کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی مؤثر کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے دوران مقامی دستکاریوں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس کے ذریعے علاقائی ہنر اور ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ مزید برآں، پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشی ایٹو (پی پی ایچ آئی) کے اشتراک سے ایک مفت طبی کیمپ بھی قائم کیا گیا، جہاں متعدد افراد کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا گیا جن کے تعاون سے یہ تقریب کامیابی سے منعقد ہوئی۔ یہ تقریب نہ صرف یومِ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ بنی بلکہ اس نے کچے کے علاقوں کے عوام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی، اعتماد اور قومی یکجہتی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔