ماہرہ خان کے حوالے سے جو کہا تھا اس پر اب بھی قائم ہوں ، اگر ماہرہ خان کسی کو خوبصورت لگتی ہے
ماہرہ خان کے حوالے سے جو کہا تھا اس پر اب بھی قائم ہوں ، اگر ماہرہ خان کسی کو خوبصورت لگتی ہے تو اس میں میرا کیا قصور ہے؟مونا لیزا میں اگر مجھے کوئی خوبصورتی نظر نہیں آتی تو میں کیا کروں؟ اداکار فردوس جمال کا ماہرہ خان کے حوالے سے تازہ ترین موقف ۔۔۔ بقول فردوس جمال ۔۔۔۔۔میں نے حسن دیکھا ہے تو الزبتھ ٹیلر ، صوفیہ لورین مدھو بالا اور نرگس میں دیکھا ہے جو مجھے ماہرہ خان میں نظر نہیں آتا تو اس میں میرا کیا قصور؟میں سوچتا ہوں کہ اگر میں نے حق بات نہ کی تو میری زبان پر چھالے پڑ جائیں گے،یہ کہنا کہ 90 فیصد لوگوں کو وہ خوبصورت لگتی ہے تو اگر 90 فیصد لوگ پاگل ہیں تو کیا میں بھی پاگل ہو جاؤں۔میں تو وہ عجیب شخص ہوں جسکا مزاج میرے اپنے بچوں اور بیوی کو پسند نہیں آیا ۔کوئی احمق ہی ہو گا جو کہے گا کہ ہمایوں سعید پاکستان کا نمبر ون اداکار ہے ، سب سے زیادہ پیسے لینے کا مطلب سب سے اچھا اداکار ہرگز نہیں ہوتا ، زیادہ پیسے تو طوائف بھی لیتی ہے ، ہمایوں کے ساتھ یہ ہوا کہ قدرت اس پر مہربان ہوئی وہ ہٹ ہوا ، اسے کام ملنا شروع ہوا اور وہ مشہور ہونے کے ساتھ مہنگا ہوتا گیا ، اس نے بلاشبہ اچھا کام بھی کیا لیکن اسے اتنا کاسٹ کیا گیا کہ کئی حقدار اداکاروں کی حق تلفی ہوئی کیونکہ وہ اپنے سے آگے کسی کو نہیں دیکھنا چاہتا جو کام پاپا علاؤالدین نے چند ہزار میں کیا وہ محمد علی لاکھوں لے کر بھی نہ کر سکا ، جو کچھ طالش نے چند سو لے کر کیا وہ میں ہزاروں روپے لے کر بھی نہیں کر سکا ، اس لیے فن اداکاری میں معراج کا ہرگز پیسے سے کوئی تعلق نہیں ۔ میری عمر اس وقت 70 سال ہے اگر میں ایک عام شخص ہوتا تو 35 سال سو کر گزار دیتا لیکن میں عجیب ہوں کہ 70 میں سے صرف 10 سال سویا ہوں ، میں اب بھی ساری ساری رات جاگ کر سوچتا رہتا ہوں یہ ہوتا تو کیسا ہوتا یوں ہوتا تو کیا ہوتا ۔۔۔ میں نے محمد علی صاحب سے متاثر ہو کر اداکاری کا شوق پالا ، انکی فلم ہزار داستان میں نے 20 بار دیکھی بچپن کے دنوں میں ۔۔۔ بلکہ ایک بار تو گھر سے تانبے کے برتن چرا کر دیکھی ، میں اور میرا بھائی تب سکول میں پڑھتے تھے ایک روز پیسے جیب میں نہیں تھے ہم نے برتن چرائے انہیں پتھر سے توڑ موڑ کر کباڑیے کو بیچا ، 5 روپے ملے ہزارداستان بھی دیکھی اور رج کے من پسند چیزیں بھی کھائیں ۔ پھر ہائی سکول کے دنوں میں تقریری مقابلوں میں محمد علی کا سٹائل اتنا کاپی کیا کہ جب بھی تقریر کرتا چاہے وہ سیاسی ہوتی یا سماجی ہال سے محمد علی اوئے کے نعرے بلند ہونے لگتے ، پھر لاہور آیا اور پہلے ڈرامے میں کام کیا تو ایک روز الحمرا کے باہر لگے بورڈز پر میرا نام یعنی فردوس جمال بھی لکھا تھا ، وہاں ایک بہت دلچسپ واقعہ پیش آیا ، ایک ادھیڑ عمر شخص میرے قریب آیا اور بورڈ کی طرف اشارہ کرکے بولا ، بھائی یہ بتاؤ، یہ فردوس جمال کوئی نئی لڑکی آگئی ہے ۔۔۔ خوبصورت بھی ہے یا بس ایویں ۔۔۔۔۔؟؟؟