پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے زیراہتمام ماہ رمضان المبارک کے موقع پر ایک شاندار افطار کا انعقاد
پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے زیراہتمام ماہ رمضان المبارک کے موقع پر ایک شاندار افطار کا انعقاد
شارجہ (خصوصی رپورٹ) پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے زیراہتمام ماہ رمضان المبارک کے موقع پر ایک شاندار افطار کا انعقاد کیا گیا جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی, تقریب میں علما، ادیب، سماجی شخصیات، سیاسی رہنما، کاروباری افراد اور دبئی میں قائم قونصل خانہ پاکستان کے قونصلر افسران بھی شریک ہوئے, تقریب کی خاص بات پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چوہدری خالد حسین کی جانب سے ایک اہم اعلان تھا، جس میں انہوں نے حالیہ افسوسناک واقعات میں شہید ہونے والے دو پاکستانیوں مریب زمان اور مظفر علی کے اہل خانہ کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا، اس اعلان کو شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر قرار دیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری خالد حسین نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی مدد کرنا اور ان کے بچوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانا پوری کمیونٹی کی اجتماعی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ مشکل گھڑی میں وطن اور ہم وطنوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل پاکستان حسین محمد نے ملکی معیشت میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فروری کے مہینے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 696 ملین امریکی ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجیں جو ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن کے لیے غیر معمولی لگن اور حب الوطنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، قونصل جنرل نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی مثبت خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیت عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہی ہے اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنارہی ہے، تقریب کے دوران ایک خصوصی کیک کاٹا گیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا گہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کو ترسیلات زر بھیجنے والے ممالک میں عالمی سطح پر پہلے نمبر پر ہے، افطار کے موقع پر مہمانوں کی روایتی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی جبکہ شرکاء کو آپس میں ملاقات اور رمضان المبارک کے پیغام اخوت و یکجہتی کو فروغ دینے کا موقع بھی ملا، تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی