November 17, 2026

صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے: سید مخدوم حسین

IMG-20260316-WA0014

صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے: سید مخدوم حسین

بہاولنگر۔۔۔۔وہی قومیں بامِ عروج حاصل کرتی ہیں جو اپنے تہواروں اور اہم دنوں کو جوش و خروش سے مناتی ہیں۔ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بہاولنگر میں بھی عالمی یومِ صارفین بھرپور جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سید مخدوم حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنزیومر پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ بہاولنگر نے عالمی یومِ صارفین کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 مارچ ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں تاکہ ہر صارف کو اشیاء اور خدمات کے حصول کے وقت یہ اعتماد ہو کہ اگر اس کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو حکومت اس کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کنزیومر پروٹیکشن کونسل بہاولنگر اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک رہے گی اور عوام کو بھرپور قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔

سید مخدوم حسین نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی تاجر یا سروس فراہم کرنے والا زائدالمیعاد اشیاء فروخت کرے، ناقص یا غیرمعیاری مصنوعات فراہم کرے، رسید جاری نہ کرے، قیمتوں کی فہرست آویزاں نہ کرے یا کسی بھی غیرقانونی تجارتی سرگرمی میں ملوث ہو جس سے صارفین کو نقصان پہنچے یا نقصان کا اندیشہ ہو تو فوری طور پر اس کی اطلاع کنزیومر اتھارٹی کو دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی صارف کو ناقص اشیاء یا غیرمعیاری خدمات کی وجہ سے نقصان پہنچتا ہے تو وہ کنزیومر کورٹ میں اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے جہاں اسے قانون کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور ایک باشعور معاشرے کی تشکیل کے لیے حکومت، تاجر برادری اور عوام کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔