علاؤ الدین صدیقی ٹرسٹ کے زیر اہتمام 1500 مستحقین میں راشن بیگ تقسیم
علاؤ الدین صدیقی ٹرسٹ کے زیر اہتمام 1500 مستحقین میں راشن بیگ تقسیم
صاحبِ استطاعت افراد مشکل حالات میں مستحق اور نادار افراد کی مدد کے لیے آگے بڑھیں-مولانا مشتاق احمد نقشبندی
میرواہ گورچانی (نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق علاؤ الدین صدیقی ٹرسٹ کے زیر اہتمام مدرسہ محی الاسلام صدیقہ میرواہ گورچانی میں ایک فلاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں مولانا مشتاق احمد نقشبندی کی زیر صدارت 1500 غریب، نادار اور مستحق خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر مستحق افراد کی بڑی تعداد موجود تھی جنہیں ماہِ مقدس کے پیش نظر بنیادی اشیائے خورونوش فراہم کی گئیں۔تقریب کے منتظمین کے مطابق ٹرسٹ کی جانب سے مستحق افراد کی امداد کا سلسلہ سندھ کے مختلف شہروں تک پھیلایا گیا ہے جس کے تحت میرواہ گورچانی، میرپورخاص، ٹنڈو جام، حیدرآباد اور بدین سمیت سندھ بھر میں مجموعی طور پر پانچ ہزار راشود بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ ضرورت مند خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر خلیفہ صوفی راؤ محمد رضا نقشبندی، سید ضمیر الحق بخاری، مولانا اشتیاق مشتاق نقشبندی، رانا سلیم اختر، عرفان ظفریاب اور ماسٹر خالد مجید سمیت دیگر سماجی و مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے راشن کی تقسیم کے عمل میں حصہ لیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ خدمتِ خلق ایک عظیم عبادت ہے اور معاشرے کے صاحبِ استطاعت افراد کو چاہیے کہ وہ مشکل حالات میں مستحق اور نادار افراد کی مدد کے لیے آگے بڑھیں-انہوں نے علاؤ الدین صدیقی ٹرسٹ کی جانب سے جاری فلاحی سرگرمیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات سے معاشرے میں بھائی چارہ اور ہمدردی کو فروغ ملے گا۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔