سحر فاؤنڈیشن کا مسلم حکمرانوں کی خاموشی کے خلاف احتجاجی ریفرنس
سحر فاؤنڈیشن کا مسلم حکمرانوں کی خاموشی کے خلاف احتجاجی ریفرنس
چوڑیاں اور زیورات بھیج کر عالمی رہنماؤں کو دیا جائے گا ‘خاموشی کا تحفہ’
سکھر/کراچی(بیورورپورٹ)سحر فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام کراچی میں ایک احتجاجی و تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقررین نے امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر عالمی طاقتوں کی مداخلت اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی پر سخت تنقید کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے چیئرمین افتخار غزالی نے کہا کہ پاکستان میں نام نہاد روشن خیال اور لبرل خواتین تنظیمیں اور فورمز مسلم دنیا کے خلاف ہونے والے مظالم پر خاموش ہیں، جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عالمی طاقتوں کے دباؤ میں آکر کئی حلقے حقیقت بیان کرنے سے گریزاں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نام نہاد دینی جماعتیں بھی مسلکی اختلافات میں الجھ کر قوم کو تقسیم کرنے کا باعث بن رہی ہیں، جبکہ اس وقت امت کو متحد ہوکر مشترکہ مؤقف اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔سحر فاؤنڈیشن کے سیکریٹری اطلاعات عبدالصمد گاڈت نے خطاب میں کہا کہ مسلم ممالک کو بیرونی مداخلت سے بچنے کے لیے خود مختار پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید رفیق شاہ نے کہا کہ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی مزید مو¿ثر اور باوقار بنانی چاہیے تاکہ عالمی سطح پر قومی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر سحر فاؤنڈیشن ٹرسٹ کی جانب سے ایک انوکھا احتجاج ریکارڈ کرانے کا اعلان کیا گیا۔ فاؤنڈیشن کے عہدیداران نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل کے مستقل ارکان، او آئی سی، رابطہ عالم اسلامی، مؤتمر عالم اسلامی، عرب لیگ اور مختلف مسلم ممالک کے حکمرانوں کو علامتی طور پر چوڑیاں، گھنگھرو، بالیاں، جھومر اور نیکلیس کے پیکٹس روانہ کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تحائف مسلم دنیا کے اہم مسائل پر ان کی خاموشی کے خلاف شدید احتجاج کی علامت ہیں۔