November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے سنگرار کے گاؤں ترور کے رہائشی جعفری برادری سے تعلق رکھنے والے

IMG-20260315-WA0025

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے سنگرار کے گاؤں ترور کے رہائشی جعفری برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے کزن بہادر جعفری کے قتل اور دبر پولیس کی مبینہ ناانصافیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور مقدمہ لواحقین کی مدعیت میں درج کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مظاہرے میں علی حسن جعفری، گاجی جعفری، حسین بخش جعفری اور دیگر افراد شریک تھے، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور انصاف کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے کزن بہادر جعفری کو بااثر تنیو برادری کے افراد نے منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا ہے، مگر پولیس واقعے کی اصل نوعیت چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔مظاہرین کے مطابق مقتول بہادر جعفری اپنے بچوں کو روہڑی لے کر جا رہا تھا کہ اسی دوران تنیو برادری کے افراد نے اس پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حضور بخش، راحب، ہدایت اللہ، حلیم، شہمیر اور دیگر افراد اس قتل میں ملوث ہیں اور پولیس ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے معاملے کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔لواحقین کا کہنا تھا کہ مقتول اور ملزمان کے درمیان پہلے سے پیسوں کے لین دین اور زمین کے تنازع کا معاملہ چل رہا تھا اور اسی دشمنی کی بنیاد پر بہادر جعفری کو قتل کیا گیا۔ مظاہرین نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا ہے اور ایف آئی آر میں یہ تاثر دیا گیا ہے کہ قتل کاروکاری کے الزام پر کیا گیا، جو سراسر غلط اور حقائق کے برعکس ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر واقعہ کاروکاری کا ہے تو اس عورت کا کیا ثبوت ہے اور وہ کہاں ہے جس کے نام پر یہ الزام لگایا گیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے کزن کو بے دردی سے قتل کیا گیا اور اصل حقائق کو چھپانے کے لیے غلط کہانی بنائی جا رہی ہے۔مظاہرین نے دبر پولیس پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔لواحقین نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ مقدمہ فوری طور پر ان کی مدعیت میں درج کیا جائے اور مقتول کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ملزمان کو جلد گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید سخت احتجاجی اقدامات کیے جائیں گے۔