November 17, 2026

*جنگ کے باوجود تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی*

Screenshot_2026-03-09_210431

*جنگ کے باوجود تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی*

امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکیوں کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

پیر کے روز برینٹ خام تیل کی قیمت تین سال کی بلند ترین سطح 119.50 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔

تاہم صرف ایک دن بعد منگل کو یہ کم ہو کر تقریباً 89 ڈالر فی بیرل تک آ گئی۔

اس طرح عالمی منڈی میں صرف 24 گھنٹوں کے اندر غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔

ابتدا میں قیمتوں میں تیزی کی بڑی وجہ ایران میں قیادت کی تبدیلی تھی ایران کی مجلس خبرگان نے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کیا جس کے بعد عالمی منڈی میں خدشات بڑھ گئے کہ خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے اور تیل کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔

*تاہم جلد ہی حالات بدل گئے اور قیمتوں میں کمی آنے لگی۔*
*اس کی ایک بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان تھا جس میں انہوں نے کہا کہ جنگ اپنے ابتدائی اندازوں سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے*

امکان ہے کہ یہ تنازع بہت جلد ختم ہو جائے گا۔ اس بیان نے سرمایہ کاروں کے خدشات کو کچھ حد تک کم کر دیا۔

اسی دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی جس میں ایران کے ساتھ جنگ کے جلد خاتمے کے امکانات اور سفارتی حل پر بات چیت کی گئی۔

عالمی منڈی نے اس رابطے کو ممکنہ جنگ بندی کی طرف اشارہ سمجھا جس سے تیل کی طویل مدتی قلت کے خدشات کم ہو گئے۔

مزید یہ کہ امریکہ کی جانب سے روسی تیل پر عائد پابندیوں میں نرمی کے امکان کی خبریں بھی سامنے آئیں۔

اگر روسی تیل دوبارہ بڑی مقدار میں عالمی منڈی میں آنے لگے تو سپلائی بڑھنے سے قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔

اسی کے ساتھ امریکہ اور جی-سیون ممالک کی جانب سے ہنگامی تیل کے ذخائر سے بڑی مقدار میں تیل جاری کرنے کے امکان نے بھی منڈی کو متاثر کیا۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ اقدام کیا گیا تو عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی بڑھ جائے گی اور قیمتوں پر دباؤ کم ہو گا۔

ادھر ایران نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ اور اسرائیل کے حملے جاری رہے تو ایران آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل روک سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اس اہم سمندری راستے سے روزانہ تقریباً دو کروڑ بیرل تیل دنیا بھر کو سپلائی کیا جاتا ہے

جس کی وجہ سے یہاں کسی بھی رکاوٹ کے عالمی معیشت پر بڑے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب سعودی تیل کمپنی سعودی آرامکو کے سربراہ امین الناصر نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ کے باعث آبنائے ہرمز میں جہاز رانی متاثر ہوئی تو عالمی توانائی منڈی کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سعودی تیل کمپنی سعودی آرامکو کے سربراہ امین الناصر نے خبردار کیا ہے عالمی تیل کے ذخائر پہلے ہی پانچ سال کی کم ترین سطح کے قریب ہیں۔

ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں عالمی تیل منڈی شدید غیر یقینی کا شکار ہے۔

*اگر جنگ جلد ختم ہو جاتی ہے تو قیمتیں مزید کم ہو سکتی ہیں، لیکن اگر کشیدگی بڑھتی ہے یا آبنائے ہرمز بند ہوتی ہے تو قیمتیں دوبارہ تیزی سے بڑھ سکتی ہیں*

اسی وجہ سے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتیں شدید اتار چڑھاؤ کا شکار رہیں گی۔