November 17, 2026

سکھر: ببرلو پولیس کے مبینہ مقابلے کے خلاف میرانی برادری کی خواتین کا احتجاج، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

IMG-20260311-WA0043

سکھر: ببرلو پولیس کے مبینہ مقابلے کے خلاف میرانی برادری کی خواتین کا احتجاج، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے ڈریھا گاؤں میانی کے رہائشی میرانی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین نے اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ ببرلو پولیس کی جانب سے دو افراد کو مبینہ طور پر جھوٹے پولیس مقابلے میں ہلاک کیے جانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اعلیٰ حکام سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج میں مائی ارشاد، مسمات بیگم، مسمات حاجرا، اصغر علی اور دیگر افراد شریک تھے۔مظاہرین نے انصاف کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر خواتین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز ان کے بھائی ارشاد میرانی اپنے دوست نور محمد بروہی کے ہمراہ اپنی بہن کے گھر جا رہے تھے کہ ببرلو بائی پاس کے قریب پولیس کی ناکہ بندی کے دوران انہیں روک کر حراست میں لے لیا گیا۔مظاہرین کے مطابق پولیس نے دونوں افراد کو موقع پر ہی خطرناک ڈاکو قرار دے دیا اور سینکڑوں افراد کے سامنے گرفتار کر کے اپنے ساتھ لے گئی۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ جب انہیں اس واقعے کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر ببرلو پولیس سے رابطہ کیا۔ اس دوران اہل خانہ نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر رشوت کا مطالبہ کیا گیا۔خواتین کا کہنا تھا کہ جب وہ رقم کا بندوبست کرنے کے لیے گھر گئے تو کچھ دیر بعد اطلاع ملی کہ ببرلو پولیس نے دونوں افراد کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا ہے۔مقتول ارشاد میرانی کی بہن مسمات ارشاد نے بتایا کہ جب پولیس نے ان کے بھائی کو زندہ گرفتار کیا تھا تو پھر انہیں قتل کرنے کی کیا ضرورت تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ارشاد میرانی اور نور محمد بروہی پولیس افسران کو بتا رہے ہیں کہ وہ چور یا ڈاکو نہیں ہیں، اس کے باوجود انہیں مبینہ طور پر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے بعض افراد کے ساتھ خاندانی تنازعات ضرور چل رہے ہیں، تاہم ارشاد میرانی کسی بھی چوری، ڈکیتی یا قتل جیسے جرائم میں ملوث نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے بھائی پر کسی بھی نوعیت کا مقدمہ ثابت ہو جائے تو وہ قانون کے مطابق کارروائی قبول کرنے کو تیار ہیں۔احتجاج کرنے والی خواتین اور اہل خانہ نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِاعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر اس مبینہ مقابلے میں کوئی پولیس اہلکار یا افسر ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔