November 17, 2026

سکھر میں گولیمار علاقے میں ترقیاتی کاموں میں ناقص مواد کا استعمال رہائشیوں میں تشویش

IMG-20260306-WA0301

سکھر میں گولیمار علاقے میں ترقیاتی کاموں میں ناقص مواد کا استعمال رہائشیوں میں تشویش

سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز)سکھر کے سائیڈ ایریا گولیمار میں جاری ترقیاتی کاموں میں مبینہ طور پر ناقص مواد کے استعمال اور سرکاری معیار کی خلاف ورزی کے انکشافات سامنے آئے ہیں، جس سے علاقے کے رہائشیوں میں شدید تشویش پھیل گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، سڑکوں اور نالیوں کی تعمیر کے دوران مقررہ معیار کو نظر انداز کرتے ہوئے کم درجے کا مواد استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ لوہے کی سریوں کو بھی مقررہ سائز سے کم لگایا جا رہا ہے اور ان کی مقدار بھی انتہائی کم رکھی گئی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے لیے بنیادی سطح پر جو مضبوط بیس (بیڈ) تیار کیا جانا چاہیے، وہ بھی صحیح طریقے سے تیار نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ سڑک چند مہینوں میں ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو سکتی ہے۔ اسی طرح نالیوں کی تعمیر میں بھی ناقص سیمنٹ استعمال کیا جا رہا ہے اور سیمنٹ کی مقدار بھی انتہائی کم رکھی جا رہی ہے، جس سے نالیوں کی مضبوطی اور پائیداری پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے دوران انتظامیہ اور ٹھیکیداروں کے درمیان مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے کھلی بے ضابطگیاں کی جا رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کام کی نگرانی کے لیے مقرر سپروائیزر، سب انجینئر اور دیگر متعلقہ انجینئر اب تک موقع پر آ کر معائنہ نہیں کر رہے، جس کی وجہ سے ٹھیکیدار اپنی مرضی سے ناقص کام جاری رکھے ہوئے ہے۔علاقے کے رہائشیوں نے بتایا کہ ماضی میں بھی اسی علاقے میں سڑکوں اور نالیوں کی تعمیر کے نام پر ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے تھے، لیکن وہ مکمل نہیں ہو سکے، اس کے باوجود ٹھیکیداروں نے مکمل ادائیگی حاصل کر لی اور تمام بل پاس کروا لیے گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بار ترقیاتی کاموں کے نام پر سرکاری خزانے سے رقم نکالی جاتی ہے، لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس نظر آتی ہے۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اگر ترقیاتی منصوبوں میں اسی طرح ناقص مواد استعمال ہوتا رہا تو نہ صرف سڑکیں اور نالیاں جلدی خراب ہو جائیں گی بلکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کا نظام بھی شدید متاثر ہو گا، جس کی وجہ سے علاقے میں پانی کھڑا ہونے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔علاقے کے رہائشیوں، سماجی حلقوں اور شہری تنظیموں نے سندھ حکومت، کمشنر سکھر اور متعلقہ بلدیاتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گولیمار میں جاری ترقیاتی کاموں کی فوری اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں، کام کے معیار کی جانچ کی جائے اور اگر بے ضابطگیاں ثابت ہو جائیں تو ذمہ دار ٹھیکیداروں اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ منصوبے عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے مکمل کیے جاتے ہیں، اس لیے ان میں کرپشن اور لاپرواہی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی کاموں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ عوام کے پیسوں کا صحیح استعمال یقینی بنایا جا سکے اور شہر میں پائیدار ترقیاتی کام ممکن ہو سکیں۔