شورکوٹ پسند کی شادی کیس میں ایس ایچ او سمیت افسران کے خلاف مقدمہ، معطلی اور محکمانہ کارروائی کا حکم
شورکوٹ پسند کی شادی کیس میں ایس ایچ او سمیت افسران کے خلاف مقدمہ، معطلی اور محکمانہ کارروائی کا حکم
شورکوٹ میں پسند کی شادی کرنے والے شہری کو مبینہ طور پر غیر قانونی حراست میں رکھنے کا معاملہ سنگین رخ اختیار کر گیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد ایس ایچ او شورکوٹ اور عملدار حسین پاتوآنہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ ایس ایچ او کے ساتھ تعینات اے ایس آئی اور ایس آئی کو بھی معطل کر کے محکمانہ کارروائی (برخاستگی/برچوب) شروع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خاتون خالدہ بی بی نے اپنے شوہر کی بازیابی کے لیے عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا جس پر جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ڈی پی او اور ساجد حسین کھوکھر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عدالت میں پیش ہوئے اور معاملہ کی رپورٹ پیش کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ پسند کی شادی کرنے والے شہری کو مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا تھا جس پر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ واقعہ پر ایس ایچ او کے ساتھ اے ایس آئی اور ایس آئی کو بھی معطل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
عدالت نے ڈی پی او کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کر کے 25 مارچ تک تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے جبکہ کیس کی مزید سماعت بھی 25 مارچ کو ہوگی۔
واقعہ سامنے آنے کے بعد شورکوٹ میں پولیس کے کردار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں جبکہ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔