سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے سکھر کے ایک
سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے سکھر کے ایک نجی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان صوبوں کی بنیاد پر قائم ہوا ہے، لہٰذا اسے تقسیم کرنے کی باتیں ملک میں انتشار اور عدم استحکام پیدا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو توڑنے کی فتنہ انگیز گفتگو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ 1980ء کی دہائی میں اردو۔سندھی لسانی تصادم کرایا گیا تھا، جس کی ہم آج بھی مذمت کرتے ہیں۔کراچی ایک کثیرالثقافتی شہر ہے جہاں ہر زبان اور نسل کے لوگ آباد ہیں، اسے تقسیم کرنے کے بجائے جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کی ضرورت ہے۔سید زین شاہ نے کہا کہ سندھ کے پانی سے متعلق متنازع اسکیموں کی باتیں بند کی جائیں کیونکہ ان سے صوبے کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وافر مقدار میں پانی دستیاب نہ ہو، نئے کینالز بنانے کی بات نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے عالمی اور علاقائی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک نئی جنگ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ایران میں پیش آنے والے واقعات کو انہوں نے آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کئی افراد شہید ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بھی کشیدگی جاری ہے، اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کی حفاظت فرمائے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک بھارت، افغانستان اور ایران کے ساتھ تعلقات مثالی نہیں ہیں، اس لیے ہمیں کسی اور کی جنگ کا حصہ بننے کے بجائے پہلے خطے میں امن کے قیام پر توجہ دینی چاہیے، بعد ازاں عالمی امن کی بات کی جائے۔سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں حکومت نے عدلیہ میں ججز کے تقرر کے عمل کو کمزور کیا ہے۔ پیکا ایکٹ کے ذریعے صحافیوں پر قدغن لگانے کی کوشش کی گئی جبکہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے ذریعے جمہوریت کو محدود کیا گیا ہے۔ انہوں نے ان ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ این ایف سی میں صوبوں کا حصہ کم کیا گیا ہے، ایسے میں ترقی کیسے ممکن ہو سکتی ہے؟ سندھ میں 32 فیصد غربت ہے اور ہر تیسرا شخص خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ “سرسبز پاکستان” کے نام پر دی گئی زمینیں واپس لی جائیں۔سید زین شاہ نے کہا کہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ حکومتیں پہلے سے طے شدہ معاہدوں کے تحت قائم کی جاتی ہیں۔احتساب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور انتخابات کو شفاف بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نظام جمہوریت سے آمرانہ طرز حکمرانی کی جانب بڑھ رہا ہے اور صدر و وزیر اعظم کو محض نمائشی عہدوں تک محدود کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کراچی میں پرامن احتجاج کے دوران فائرنگ سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں دوہرے نظام کی راہ ہموار کرنے کے لیے نئے صوبوں کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے، حالانکہ 1973ء کے آئین میں نئے صوبے بنانے کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرپٹ حکومت، کمزور عدلیہ اور غیر شفاف نظام نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔پریس کانفرنس کے موقع پر رمضان برڑو، آغا قمر مشوانی، عیدن جاگیرانی، ماجد دنور سمیت دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔