گھنٹہ گھر پر پرچی مافیا دوبارہ سرگرم، شہریوں اور تاجروں کا سخت ردعمل
گھنٹہ گھر پر پرچی مافیا دوبارہ سرگرم، شہریوں اور تاجروں کا سخت ردعمل
ضلعی افسران سے فوری نوٹس لینے اور غیرقانونی سرگرمیوں کے خاتمے کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ)شہر کے تاریخی کاروباری مرکز گھنٹہ گھر کے اطراف ایک بار پھر مبینہ طور پر “پرچی” کے نام پر غیرقانونی وصولیوں کا مکروہ دھندہ شروع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس پر شہریوں اور تاجروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ نامعلوم عناصر سرعام پرچی کے ذریعے رقم وصول کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق گھنٹہ گھر اور اس سے ملحقہ بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر دکانداروں اور ریڑھی بانوں سے مبینہ طور پر رقم وصول کی جا رہی ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے مالیت کی دکانیں قائم کر کے قانونی طریقے سے کاروبار کرنے والوں پر تو قانون کی کتابیں کھول دی جاتی ہیں، مگر غیرقانونی وصولیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی نظر نہیں آتی۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ سرگرمی غیرقانونی ہے تو متعلقہ ادارے فوری طور پر کارروائی کریں، اور اگر کسی قانون کے تحت وصولی کی جا رہی ہے تو اس کی وضاحت عوام کے سامنے لائی جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کس قانون کے تحت یہ رقم وصول کی جا رہی ہے اور یہ رقم کس مد میں استعمال ہو رہی ہے؟تاجر برادری نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کریں اور اس مبینہ پرچی سسٹم کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔دوسری جانب شہری سماجی حلقوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ شفاف تحقیقات کے ذریعے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ کاروباری ماحول متاثر نہ ہو اور شہر میں قانون کی عملداری قائم رہ سکے۔تاحال ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ اداروں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ شہریوں اور تاجروں کو امید ہے کہ اعلیٰ حکام اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے جلد از جلد کارروائی عمل میں لائیں گے تاکہ گھنٹہ گھر اور اطراف کے بازاروں میں غیرقانونی سرگرمیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔