November 17, 2026

پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی تاریخی قلعے سے پریس کلب عمرکوٹ تک ریلی، شہریوں کا بھرپور خراجِ تحسین

IMG-20260228-WA0312(1)

پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی تاریخی قلعے سے پریس کلب عمرکوٹ تک ریلی، شہریوں کا بھرپور خراجِ تحسین

عمرکوٹ ( نامہ نگار ) پاک فوج کی شاندار کامیابی اور ملک کے دفاع میں کردار پر عمرکوٹ کے باشعور عوام کی جانب سے بھرپور خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تاریخی قلعے سے پریس کلب عمرکوٹ تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے دوران شہریوں نے پاک فوج سے یکجہتی کے نعرے لگائے اور ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کی نامور سماجی شخصیت رسول بخش رحیمدانی نے کہا کہ پاک فوج ہمارا شان، وقار اور مرتبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف ملک کے اندر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہے بلکہ سرحدوں کی حفاظت میں بھی دن رات مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی محاذ پر پاک فوج نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے کئی ٹھکانے تباہ کیے اور دہشتگرد گروہوں کو فرار ہونے پر مجبور کیا۔ رسول بخش رحیمدانی نے مزید کہا کہ پاکستان کی قوم، طلبہ، ہاری، مزدور، سیاسی رہنما اور کارکن سب پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن، دہشتگرد اور شدت پسند عناصر کامیاب نہیں ہوں گے، عوام مطمئن رہیں، پاک فوج ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ اس موقع پر ایم ایس ایف کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری فقیر محب منگریو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قومی سلامتی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرے اور افواہوں سے گریز کرے۔ انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔سماجی رہنما پیر بابو بھائی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوان ہمارے محسن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی بہادری کی بدولت ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے اور ہم سب پر لازم ہے کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ جاری رکھیں۔ اس موقع پر صدر پریس کلب عمرکوٹ غلام محمد کنبھر، نائب صدر نظر سمیجو، الیاس تھری، ولی مہر، سجاد علی شیخ، مدن گوپال، کانجی مل رکھیسر، سوائی مل رکھیسر، وقاص یوسفزئی، فقیر قربان جنجھی، فقیر شبیر منگریو، سلطان جونیجو، مشتاق مہر سمیت شہر کے سیاسی و سماجی رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔