November 28, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ شروع ہونے سے قبل ہی سکھر میں عیدالفطر کی

IMG-20260228-WA0254

سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ شروع ہونے سے قبل ہی سکھر میں عیدالفطر کی خریداری عروج پر پہنچ گئی ہے۔ شہر کے تجارتی مراکز ایک بار پھر رونقوں سے بھر گئے ہیں اور بازاروں میں خریداروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عید کی تیاریوں کے سلسلے میں اندرونِ شہر سمیت دور دراز علاقوں سے بھی شہری سکھر کا رخ کر رہے ہیں، جس کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ خاص طور پر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد مختلف مارکیٹوں میں خریداری کرتی نظر آ رہی ہے۔شہر کی معروف اور مصروف بازاروں جن میں مشن روڈ، غریب آباد، شاہی بازار اور مہران مرکز سمیت دیگر تجارتی مراکز شامل ہیں، میں کپڑوں، جوتوں، بوٹس، گارمنٹس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دکانوں پر افطار سے قبل اور افطار کے بعد خریداروں کا ہجوم لگا رہتا ہے۔ اس رش کے باعث بازاروں میں گہما گہمی کا ماحول ہے جبکہ دکاندار بھی عید سیزن کے آغاز پر خوش دکھائی دے رہے ہیں۔تاجروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ بازاروں میں خریداروں کی آمد جاری ہے، تاہم تاحال کاروبار میں مکمل تیزی نہیں آئی۔ ان کے مطابق مہنگائی اور موجودہ ملکی معاشی حالات کے باعث عوام کی قوتِ خرید متاثر ہوئی ہے، جس کے اثرات کاروباری سرگرمیوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کی خوشیوں کو سادگی کے ساتھ منانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو متاثر کیا ہے۔ اس کے باوجود بچوں اور اہلِ خانہ کے لیے نئے کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء کی خریداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائی جا سکیں۔