November 17, 2026

سکھر: ریلوے ملازمین کا بدامنی اور اسٹریٹ کرائم کے خلاف شدید احتجاج

IMG-20260223-WA0289

سکھر: ریلوے ملازمین کا بدامنی اور اسٹریٹ کرائم کے خلاف شدید احتجاج

سکھر(بیورورپورٹ)پاکستان ریلوے پریم یونین سی بی اے سکھر کے زیر اہتمام ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، لوٹ مار اور موٹر سائیکلوں و گاڑیوں کی چوریوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ریلوے اسٹیشن سے ایوب گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی، دھرنا دیا، ٹائر نذر آتش کیے اور روڈ کو دونوں اطراف سے بلاک کر دیا، جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔تفصیلات کے مطابق، احتجاج کی قیادت مرکزی جنرل سیکرٹری خیر محمد تنیو، اختر علی عباسی، اسحاق بلو، برکت علی اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بدامنی کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلی کے شرکاء نے نعرے بازی کی اور سکھر انتظامیہ کے خلاف شدید تنقید کی۔ احتجاج کے دوران ٹائر جلانے اور روڈ بلاک کرنے سے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہوئی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ سکھر میں اسٹریٹ کرائم تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی چوریاں ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری اور مزدور تنظیم کے مرکزی رہنما کی گاڑی بھی محفوظ نہ رہ سکی۔ ایک ہفتہ قبل خیر محمد تنیو کی کار ان کے گھر کے باہر سے چوری ہو گئی تھی، لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود اب تک برآمد نہیں ہو سکی، جو پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔رہنماؤں نے سکھر پولیس کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پولیس نے شہریوں اور شہر کو چوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہر میں امن و امان کی بحالی اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ، یونین رہنما کی چوری شدہ کار کو برآمد کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کیا جا سکے۔رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ریلوے مزدور احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے، اور اس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے امن و امان کی بحالی اور کرائم کے خاتمے کے لیے نعرے لگائے اور شہر کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ پولیس کی جانب سے احتجاج کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے، تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔