November 17, 2026

عمرکوٹ میں مہر برادری کا اراضی و وراثتی تنازع پر الزامات اور جوابی الزامات، تحقیقات کا مطالبہ

IMG-20260223-WA0276

عمرکوٹ میں مہر برادری کا اراضی و وراثتی تنازع پر الزامات اور جوابی الزامات، تحقیقات کا مطالبہ

عمرکوٹ ( نامہ نگار ) عمرکوٹ میں مہر برادری کے مابین اراضی اور وراثتی تنازع شدت اختیار کرگیا ہے۔ گاؤں کھیجراڑی کے رہائشی افراد نے پریس کلب عمرکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یونین کونسل کے چیئرمین عارف مہر اور ان کے رفقا پر مبینہ زیادتیوں، ناجائز قبضوں اور بے بنیاد مقدمات قائم کرانے کے الزامات عائد کیے اور اعلیٰ حکام سے غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعداللہ مہر، اللہ ڈنو مہر اور محمد عالم مہر نے کہا کہ انہیں ناحق ہراساں کیا جارہا ہے، ان کی املاک پر قبضے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور گوچر سمیت سرکاری اراضی پر بھی غیر قانونی تصرف کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض بااثر افراد نے ان کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔متاثرین نے مؤقف اختیار کیا کہ خیرمحمد مہر کی اولاد صرف دو بیٹیاں تھیں، لہٰذا بعض دعوے حقائق کے برعکس ہیں۔ ان کے مطابق یونین کونسل کے سیکریٹری کی جانب سے جاری کردہ وفات سرٹیفکیٹ درست ہے اور بیٹیوں کے حصے کے مطابق نانا کی جائیداد میں جو حق بنتا ہے وہ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کراکے انصاف فراہم کیا جائے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل یونین کونسل کے چیئرمین عارف مہر نے بھی پریس کلب عمرکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ دیہہ ٹھانٹھرائی قصبہ کھاروڑو میں ان کے دادا خیرمحمد مہر کے نام چھ ایکڑ زرعی زمین موجود ہے اور مبینہ طور پر محکمہ مال کے بعض اہلکاروں کی ملی بھگت سے جعلی کھاتہ تیار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی تصدیق کے بغیر وفات سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا اور وراثتی اندراج میں بے ضابطگیاں کی گئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر اور مختیارکار متعلقہ رجسٹری منسوخ کرچکے ہیں، تاہم مکمل تحقیقات ناگزیر ہیں۔ متاثرین نے جماعت کے خلفاء و معززین سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کو یقینی بنائیں اور انہیں انصاف فراہم کریں۔