November 17, 2026

*رجانہ کا المناک حادثہ اور ہماری اجتماعی غفلت* *ٹوبہ ٹیک سنگھ ( افضل کھیتران ڈسٹرکٹ بیورو چیف)*

IMG-20260203-WA0210

*رجانہ کا المناک حادثہ اور ہماری اجتماعی غفلت*

*ٹوبہ ٹیک سنگھ ( افضل کھیتران ڈسٹرکٹ بیورو چیف)*

*رجانہ سمندری روڈ ایک بار پھر انسانی جانوں کے ضیاع کا گواہ بن گیا۔ تیز رفتار مسافر بس اور موٹرسائیکل رکشہ کے درمیان خوفناک تصادم نے چھ قیمتی زندگیاں ہم سے چھین لیں۔ اس دلخراش حادثے میں تین خواتین سمیت چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جن میں محمد طلحہ، بلال شفیق، حنیف، حمیرا سردار، ناصرہ بی بی اور لبنیٰ امجد شامل ہیں۔ مرنے والوں میں سے پانچ افراد کا تعلق رجانہ کے نواحی چک نمبر 284 گ ب جبکہ ایک فرد کا تعلق چک نمبر 291 گ ب سے تھا۔حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور سڑک پر ہر طرف کہرام مچ گیا۔ خوشیوں اور روزمرہ زندگی کی تلاش میں نکلنے والے افراد لمحوں میں موت کی آغوش میں چلے گئے، جبکہ ان کے گھروں میں ہمیشہ کے لیے خاموشی اور صفِ ماتم بچھ گئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کیا گیا۔ تاہم حادثے کے بعد مسافر بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جو نہ صرف قانون شکنی بلکہ انسانی بے حسی کی بدترین مثال ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر کب تک بے گناہ شہری تیز رفتاری، لاپرواہی اور ناقص ٹریفک نظام کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے؟سمندری روڈ پر پیش آنے والا یہ حادثہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ ماضی میں بھی اس سڑک پر متعدد جان لیوا حادثات ہو چکے ہیں، مگر افسوس کہ ہر حادثے کے بعد صرف تعزیت، بیانات اور وقتی کارروائیاں نظر آتی ہیں، مستقل حل کہیں دکھائی نہیں دیتا۔ تیز رفتار بسیں، اوورلوڈنگ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور مؤثر نگرانی کا فقدان اس المیے کی بنیادی وجوہات ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور متعلقہ ادارے خوابِ غفلت سے بیدار ہوں۔ سمندری روڈ پر رفتار کو کنٹرول کرنے، بسوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی سخت چیکنگ، اسپیڈ بریکرز کی تنصیب اور ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو مؤثر بنانے جیسے اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔ بصورت دیگر ایسے حادثات روز کا معمول بنتے رہیں گے اور اخبارات کے صفحات لاشوں کی خبروں سے بھرتے رہیں گے۔رجانہ کے اس افسوسناک سانحے نے ایک بار پھر ہمیں سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کی قیمت آخر کب سمجھی جائے گی؟ کیا ہر بار چھ یا دس جنازوں کے بعد ہی ہم جاگیں گے، یا کسی دن ہم واقعی ایک محفوظ معاشرہ بنانے کا عملی فیصلہ کریں گے؟*