سکھر کو سرسبز، صاف اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے جامع بیوٹیفکیشن پلان کی منظوری
سکھر کو سرسبز، صاف اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے جامع بیوٹیفکیشن پلان کی منظوری
شجرکاری مہم، ڈیجیٹل پلانٹیشن سسٹم، تجاوزات و آوارہ جانوروں کے خلاف مشترکہ انفورسمنٹ فورس قائم کرنے کا فیصلہ
سکھر (بیورورپورٹ)میئر سکھر و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سکھر شہر کو سرسبز، صاف، خوبصورت اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے جامع ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکھر شہر کی تمام بڑی شاہراہوں، راؤنڈ اباؤٹس، گرین بیلٹس، پارکس اور یونین کونسل سطح تک باقاعدہ شجرکاری مہم شروع کی جائے گی۔ سڑکوں کے اطراف سائنسی بنیادوں پر موزوں اور سایہ دار درخت لگائے جائیں گے، جن کی نگہداشت، پانی کی فراہمی اور تحفظ کے لیے مؤثر نظام تشکیل دیا جائے گا تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
عوامی شمولیت کو فروغ دینے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے اجلاس میں ڈیجیٹل پلانٹیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کے تحت درخت لگانے والے شہری کا نام، تصویر، درخت کی قسم اور درست مقام سرکاری ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر درج کیا جائے گا، تاکہ شہریوں میں احساسِ ذمہ داری پیدا ہو۔اجلاس میں شہریوں اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مسائل پیدا کرنے والے آوارہ جانوروں کے خلاف منظم کارروائی، تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے میونسپل کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ اور پولیس پر مشتمل مشترکہ انفورسمنٹ فورس قائم کرنے اور اس حوالے سے باقاعدہ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے فیلڈ آپریشنز کو مؤثر بنانے کے لیے اسٹاف کی کمی فوری پوری کرنے، ناکارہ مشینری اور گاڑیوں کی مرمت و بحالی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پارکس میں فیملیز اور بچوں کے لیے معیاری کنٹینز اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اجلاس میں برسات سے قبل شہری علاقوں کو نکاسیٔ آب کے مسائل سے محفوظ بنانے کے لیے ڈی سلٹنگ کے عمل کو تیز کرنے، تمام نالوں اور گٹروں کی بروقت صفائی یقینی بنانے اور ڈرینیج سسٹم کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کی بھی ہدایات دی گئیں۔اجلاس میں ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل، میونسپل کمشنر پیر واحد بخش، ایڈوائزر ٹو میئر عابد علی انصاری، ایکسینز نعمان کلہوڑو اور فواد بوبک، ٹاؤن وائس چیئرمین غلام مرتضیٰ گھانگھرو، یوسی چیئرمین احسان لاشاری سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔