بیو رو چیف و ہا ڑ ی میلسی میں پرائس کنٹرول بری طرح ناکام، عوام مہنگائی کے رحم و کرم پر
. بیو رو چیف و ہا ڑ ی میلسی میں پرائس کنٹرول بری طرح ناکام، عوام مہنگائی کے رحم و کرم پر
میلسی: پاکستان پیپلز پارٹی سٹی میلسی کے صدر ملک نزیر ملتانی، جنرل سیکرٹری شیخ مسعود ظہیر اور مجلسِ عاملہ کے چیئرمین امین سعیدی نے کہا ہے کہ میلسی شہر میں پرائس کنٹرول کا نظام مکمل طور پر غیر مؤثر ہو چکا ہے، جس کے باعث شہری شدید مہنگائی کے عذاب میں مبتلا ہیں۔
پیپلز پارٹی رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ شہر بھر میں مرغی کا گوشت، بکرے کا گوشت ،گائے کا گوشت ، سبزیاں، کریانہ اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں کے برعکس من مانی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ بیشتر بازاروں میں سرکاری نرخ نامے آویزاں ہی نہیں۔ دکانداروں نے قانون کی عملداری کو مذاق بنا رکھا ہے اور انہیں کسی قسم کی چیکنگ یا کارروائی کا کوئی خوف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی غفلت اور خاموشی نے منافع خوروں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس کا سب سے زیادہ نقصان غریب اور متوسط طبقے کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام اب دو وقت کی روٹی خریدنے سے بھی قاصر ہوتی جا رہی ہے۔
پیپلز پارٹی رہنماؤں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور اسسٹنٹ کمشنر میلسی سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر صورتحال کا سخت نوٹس لیا جائے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کیا جائے، بازاروں میں سرکاری نرخ ناموں کی پابندی یقینی بنائی جائے اور منافع خور عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔