November 17, 2026

کراچی رپورٹ: گل پلازا آتشزدگی: شادی کی خریداری کے لیے آئے دو خاندانوں کے 12 افراد لاپتہ، خواتین اور بچے بھی شامل

IMG-20260119-WA0221

کراچی رپورٹ:
گل پلازا آتشزدگی: شادی کی خریداری کے لیے آئے دو خاندانوں کے 12 افراد لاپتہ، خواتین اور بچے بھی شامل
(رپورٹ)
وجئے کمار واسوانی
ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازا میں تیسرے درجے کی آگ لگنے کے افسوسناک واقعے کے بعد شادی کی خریداری کے لیے آئے دو مختلف خاندانوں کے 12 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
آتشزدگی کا شکار عمارت کے باہر موجود لواحقین نے میڈیا کو بتایا کہ کرن نامی لڑکی کی شادی کی تیاری کے سلسلے میں اس کی والدہ کوثر اپنے دیگر اہلِ خانہ کے ہمراہ گل پلازا خریداری کے لیے گئی تھیں، تاہم گزشتہ رات کے بعد سے ان سے کسی قسم کا رابطہ نہیں ہو سکا۔
لاپتہ خواتین کی تلاش میں آئے ماموں اور ممانی نے بتایا کہ ان کا خاندان گل پلازا کے قریب ہی رہائش پذیر ہے اور آگ کے واقعے میں ان کے خاندان کے 6 افراد لاپتہ ہیں، جن میں دلہن کرن کی والدہ کوثر، اکلوتا بیٹا سعد، بھائی اشرف اور لڑکی مصباح شامل ہیں۔
لواحقین کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے مختلف اسپتالوں کا رخ کیا گیا، تاہم نہ تو انہیں کسی اسپتال میں داخل افراد کی فہرستوں میں پایا گیا اور نہ ہی جاں بحق افراد کی فہرست میں ان کے نام شامل ہیں۔
دوسری جانب شادی کی خریداری کے لیے گل پلازا آنے والے ایک اور خاندان کے بھی 6 افراد لاپتہ ہیں، جن میں 45 سالہ تنویر احمد، 42 سالہ عمر نبیل، 33 سالہ عائشہ سمیع، 18 سالہ عبداللہ، 15 سالہ سفیان اور 11 سالہ علی بن عمر شامل ہیں۔
آتشزدگی کے بعد گل پلازا کے اطراف میں شہریوں کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کی تلاش میں پریشان حال نظر آئی۔ ایک شہری نے بتایا کہ آخری بار اس کی اپنے بھائی سے بات ہوئی تھی، جس میں اس نے کہا تھا:
“آگ لگ گئی ہے، مجھے بچاؤ، میں مر جاؤں گا”
جس کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا۔
اس کے علاوہ گل پلازا میں کام کرنے والا دکاندار عارف بھی لاپتہ ہے۔ اس کے چچا کے مطابق عارف نے آخری فون کال پر بتایا تھا کہ وہ آگ سے لڑ رہا ہے، جس کے بعد اس کا موبائل بند ہو گیا۔
لواحقین نے ریسکیو اداروں اور حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔