November 17, 2026

راولپنڈی میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی — پولیس کی 37 نکاتی ہدایات جاری

IMG-20260117-WA0230

راولپنڈی میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی — پولیس کی 37 نکاتی ہدایات جاری

پنجاب حکومت کی جانب سے پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہے، جس پر سختی سے عملدرآمد کے لیے راولپنڈی پولیس نے 37 نکاتی جامع گائیڈ لائن جاری کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بلند عمارتوں کے مالکان، پتنگ فروشوں اور متعلقہ افراد سے ضمانتی مچلکے لیے جائیں گے کہ وہ پتنگ بازی یا اس سے جڑی کسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں گے۔

گائیڈ لائن کے تحت:

تمام فلائی اوورز پر اسٹیل کی تاریں لگائی جائیں گی

بلند عمارتوں کی چھتوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے

شہر کے داخلی راستوں، کوریئر کمپنیوں اور ڈاک خانوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی

یہ ہدایات راولپنڈی کے قائم مقام آر پی او خالد ہمدانی کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے جاری کیں، جو ڈویژنل ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو بھجوائی گئی ہیں۔

پولیس کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ:

عوامی آگاہی مہم چلائی جائے

تاجر تنظیموں، معززین، مذہبی و سیاسی رہنماؤں کو شامل کیا جائے

اہم شاہراہوں، مارکیٹس اور رش والی جگہوں پر پتنگ بازی کے خلاف بینرز آویزاں کیے جائیں

پولیس کے سرکاری ذرائع اور مساجد کے لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے اعلانات کیے جائیں

پولیس کا کہنا ہے کہ ہر سال پابندی کے باوجود بسنت منانے کی کوشش کی جاتی ہے، جس سے قیمتی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ اس سال پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کو روکنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

عوام سے اپیل ہے کہ قانون کی پاسداری کریں اور انسانی جانوں کے تحفظ میں پولیس کا ساتھ دیں۔