October 21, 2026

سکھر روز نامہ کانیات زیدی سکھر سمیت اندرونِ سندھ میں سردی کی شدت میں اضافہ، دھند چھا گئی

IMG-20260103-WA0256

سکھر روز نامہ کانیات زیدی
سکھر سمیت اندرونِ سندھ میں سردی کی شدت میں اضافہ، دھند چھا گئی
)ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر اور اس کے گردونواح میں بھی موسمِ سرما کی ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔سکھر شہر اور ملحقہ علاقوں میں سرد ہواؤں کے باعث درجۂ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں پڑنے والی دھند نے سردی کی شدت کو مزید بڑھا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صبح اور رات کے اوقات میں دھند کے باعث قومی شاہراہوں پر حدِ نگاہ کم ہو گئی، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ موٹر وے پولیس کی جانب سے فوگ (دھند) میں اضافے کے پیشِ نظر ڈرائیوروں کو غیر ضروری سفر سے روکنے اور گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر کھڑا کرنے کی ہدایات دی گئیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔اچانک سردی میں اضافے کے باعث شہر کے لنڈا بازار اور گرم کپڑوں کی دکانوں پر عوام کا رش دیکھنے میں آیا، جبکہ گرم اشیاء کی مانگ میں بھی واضح اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرد موسم کے باعث کم آمدنی والے افراد پر اضافی مالی دباؤ بڑھ گیا ہے۔دوسری جانب سردی بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ گیس کی قلت کے باعث کوئلہ اور لکڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں ان اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔شہری حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو سردی کے اس موسم میں مزید مشکلات سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔