November 17, 2026

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے )ممتاز ماہر قانون شیخ اظہر امین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ

IMG-20251223-WA0335

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے )ممتاز ماہر قانون شیخ اظہر امین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح تحریک پاکستان کی کامیابی کا دماغ تھے ۔ انھوں نے مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے خواب کو شرمندہء تعبیر کیا۔ ان کی کامیابی کے پس منظر میں ان کی سچائی اور عمل استقامت ہے۔ انھوں نے خارجہ پالیسی کا ایسا خاکہ پیش کیا کہ دنیا ان کی فہم و فراست کی قائل ہو گئی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کے پروگرام دانش کدہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم،شیخ رضوان اقبال ایڈوکیٹ، ادریس بٹ، رحمہ عرفان مغل ،محمد نعمان قیصر ، پریشے فاطمہ، مثال فاطمہ اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔شیخ اظہر امین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ قائداعظم کی تصاویر لگانے یا مضمون لکھنے سے اُن کا حق ادا نہیں ہو سکتا۔ اُن کی جدوجہد اور مساعی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ ہمارا قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ قلبی تعلق ہے ۔انھوں نے ایک ناممکن کو عزم و استقلال سے ممکن کر دکھایا ۔پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے دن رات محنت بہت ضروری ہے۔ ہمارا آنے والا کل آج سے بہتر ہونا چاہیے ،یہ کام باتوں سے نہیں عمل سے ممکن ہوگا ۔ شیخ محمد رضوان اقبال نے کہا علامہ اقبال نے مقصد حیات کی تکمیل کے لیے جن خیالات اظہار کیا قائداعظم محمد علی جناح نے اُن پر عمل کرتے ہوئے پاکستان حاصل کر لیا۔قائداعظم محمد علی جناح کی کامیابی کا راز خلوص نیت ہے۔ انھوں نے فرض شناسی اور ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کی ۔وکلاءکو اُن کے اصولوں سے رہنمائی حاصل کرنا چاہیے۔ مس رحمہ عرفان مغل نے کہا کہ قائد اعظم محمد جناح ایک مضبوط نظام حکومت قائم کرنے کے خواہاں تھے۔ انھوں نے احساس ذمہ داری سے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔ معروف سماجی رہنما ادریس بٹ نے کہا کہ زندگی کے سفر میں ہمارے سامنے کوئی نہ کوئی مقصد ہونا چاہیے ۔جو لوگ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں ،ان کے راستے بھی آسان ہو جاتے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ قائد اعظم کے نقش قدم پر چلیں ۔محمد نعمان قیصر نے کہا کہ قائد اعظم کو نوجوانوں سے بہت سی توقعات تھیں۔ اُن کے خواب فرضی نہیں بل کہ حقیقی تھے۔ آج کے نوجوانوں کو ڈگریوں کے بجائے حصول علم کی طرف توجہ کرنا ہوگی۔ پریشے فاطمہ اور مثال فاطمہ نے بھی اپنے اپنے انداز میں ملکی ترقی اور اچھائی کی تلقین کی ۔یہ پروگرام محترمہ فریحہ کنول نے پیش کیا نعمان شفیق پروگرام انجینئر تھے۔