November 23, 2026

ملک پر جنرلوں کی براہِ راست حکمرانی قائم ہے، آئینی ترامیم فوجی اسٹیبلشمنٹ کے مفادات کے لیے کی جا رہی ہیں: کامریڈ امداد قاضی

IMG-20251219-WA0265

ملک پر جنرلوں کی براہِ راست حکمرانی قائم ہے، آئینی ترامیم فوجی اسٹیبلشمنٹ کے مفادات کے لیے کی جا رہی ہیں: کامریڈ امداد قاضی

سکھر روزنامہ کانیات(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل کامریڈ امداد قاضی نے کہا ہے کہ ملک پر براہِ راست جنرلوں کی بادشاہت قائم ہے اور آئینی ترامیم فوجی اسٹیبلشمنٹ کے مفادات کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہیں، جبکہ ملک میں جمہوری، انسانی، قومی اور شہری حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر پریس کلب میں شہید کامریڈ حسن ناصر کی برسی کے موقع پر کمیونسٹ پارٹی ضلع سکھر کے زیرِ اہتمام منعقدہ کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا عنوان “27ویں آئینی ترمیم کے جمہوری، قومی، انسانی اور شہری حقوق پر اثرات” تھا۔کامریڈ امداد قاضی نے کہا کہ ملک میں حقیقی اختیار جنرلوں کے ہاتھ میں ہے اور 1973ء کے آئین میں کی جانے والی ترامیم وردی پوشوں نے اپنے مفادات کے لیے متعارف کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی امریکی مشنز کی تکمیل کے لیے جنرلوں نے بھرپور کردار ادا کیا اور آج بھی امریکی مفادات کی خاطر ملک کے قیمتی اثاثے اور معدنی وسائل امریکہ کے حوالے کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث امریکی صدر مختلف محافل میں بار بار جنرل عاصم منیر کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سول بیوروکریسی نے سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو اپنے ساتھ ملا رکھا ہے۔ شہید حسن ناصر نے اس بدبودار نظام کے خلاف اپنی نوابی طرزِ زندگی ترک کر کے مظلوم اور محنت کش طبقے کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، مزدوروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور ان کے ساتھ سڑکوں پر راتیں گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ حسن ناصر کا قتل اس ملک میں عدلیہ پر ہونے والا پہلا قتل تھا، جس میں ان کی لاش بھی غائب کر دی گئی اور ان کی والدہ کو تک نہ دی گئی۔کامریڈ امداد قاضی نے کہا کہ حسن ناصر کمیونسٹ سیاست کے ایسے ہیرو ہیں جن پر صدیوں تک فخر کیا جا سکتا ہے۔ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی بلکہ ان کے خون سے ایک ایسا عوام دوست اور مزدور دوست انقلاب برپا ہوگا جس میں عوام اور عدلیہ کا وقار بلند ہوگا۔کانفرنس سے مالک کھوسو، عید جاگیرانی، میر منور ٹالپر، ضیاء بھٹی، ڈاکٹر غلام رسول گھمری، زاہد سندھو، الطاف شاہ، عتیق الرحمان سومرو، ظفر کھوسو، سندر چاچڑ اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک مختلف ریاستوں کو ملا کر وجود میں آیا تھا، صوبوں کو زبردستی شامل نہیں کیا گیا تھا، اس لیے ریاستوں کے قومی، جمہوری اور شہری حقوق غصب کرنے کا عمل کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔مقررین نے کہا کہ اگرچہ 1973ء کے آئین میں خامیاں موجود تھیں، تاہم موجودہ دور میں اس آئین کا حلیہ مکمل طور پر بگاڑ دیا گیا ہے۔ پرانا عمرانی معاہدہ اپنی مدت پوری کر چکا ہے، اس لیے نیا عمرانی معاہدہ تشکیل دیا جائے، جس کے تحت تمام قومیتوں کو مساوی حقوق دیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شہید حسن ناصر نے سوشلسٹ نظام کے نفاذ کے لیے اپنی جان قربان کی، وہ آمرانہ قوتوں کے سامنے کبھی نہیں جھکے۔ ان کی قربانی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سیاسی اور انصاف پسند قوتوں کو مشترکہ جدوجہد شروع کرنی چاہیے، جس کے لیے آج کے نوجوانوں کو حسن ناصر شہید کی طرح بے خوف ہو کر عملی میدان میں نکلنا ہوگا۔مقررین نے کہا کہ جنرلوں کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ افغانستان میں مداخلت اور امریکی جنگ کا حصہ بننے کے نتائج آج تک ہمارا پیچھا کر رہے ہیں۔ ملک میں رائج نظام مکمل طور پر کرپٹ ہے، جس میں جاگیرداروں، اسٹیبلشمنٹ اور سرمایہ داروں کے مفادات کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ غریب مزید غریب اور امیر مزید امیر ہوتا جا رہا ہے۔ غربت اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔بعد ازاں کانفرنس میں قراردادیں منظور کی گئیں، جن میں مطالبہ کیا گیا کہ 1973ء کے آئین میں کی گئی 26ویں اور 27ویں ترامیم واپس لی جائیں، سندھ اور پورے ملک میں محنت کشوں کو یونین سازی کا حق دیا جائے، مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی میں رجسٹر کیا جائے، بنیادی اجرت 50 ہزار روپے مقرر کی جائے، نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث بند کی جائے، اور فلسطین و اسرائیل کے درمیان جنگ کے لیے پاکستانی فوج بھیجنے کی تجویز کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔آخر میں مہمانوں کا شکریہ مالک کھوسو نے ادا کیا، جبکہ تقریب کی کارروائی کمیونسٹ پارٹی ضلع سکھر کے سیکریٹری شفاعت گھانگھری نے چلائی۔