کچہ صرف ڈاکوؤں کا علاقہ نہیں، یہ ریاست کی غیر موجودگی کا نام ہے
کچہ صرف ڈاکوؤں کا علاقہ نہیں، یہ ریاست کی غیر موجودگی کا نام ہے
کچہ کو برسوں سے “ڈاکوؤں کا مسئلہ” کہہ کر ٹال دیا گیا، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ کچہ دراصل ریاست کے پیچھے ہٹ جانے کا نتیجہ ہے۔
جہاں اسکول نہیں، وہاں بندوق استاد بن جاتی ہے۔
جہاں عدالت نہیں، وہاں طاقت انصاف بن جاتی ہے۔
اور جہاں ریاست مستقل موجود نہ ہو، وہاں جرائم وقتی نہیں بلکہ نسل در نسل منتقل ہوتے ہیں۔
کچہ میں مسئلہ یہ نہیں کہ لوگ جرائم پیشہ ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ ریاست شہری بنانا ہی بھول گئی۔
ہم نے کچے کو صرف آپریشن سے دیکھا، کبھی انسان، معیشت اور قانون کے زاویے سے نہیں دیکھا۔
سوال یہ نہیں کہ کچہ میں ڈاکو کیوں ہیں،
اصل سوال یہ ہے کہ ریاست کہاں ہے؟
کچہ کی زمینی حقیقت:
عوام
ڈاکو
پولیس
اور ریاست
یہ چار کردار ہیں اور چار حقیقتیں ہیں۔
کچہ میں بسنے والا عام شہری سب سے زیادہ مظلوم ہے۔
ایک طرف ڈاکو ہیں جو بندوق کے زور پر جیتے ہیں، دوسری طرف ریاست ہے جو صرف آپریشن کے دنوں میں یاد آتی ہے۔
پولیس جان ہتھیلی پر رکھ کر جاتی ہے، مگر بغیر مکمل اختیارات اور وسائل کے۔
ڈاکو سب پیدائشی مجرم نہیں تھے، بہت سے لوگ ،زمین کے جھگڑوں قبائلی دشمنیوں ،غربت اور بے روزگاری
سے اس راستے پر آتے ہیں
مگر وقت کے ساتھ یہ سب منظم کرائم نیٹ ورک بن گئے۔
ریاست یعنی پولیس کا سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ اس نے کچہ کے عام لوگوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان فرق کرنا چھوڑ دیا۔
جب ریاست سب کو دشمن سمجھے
تو دوست کوئی نہیں بچتا۔
ناکامیوں کا سچ یہ ہے کہ بے شمار آپریشن ہوئے مگر حل نہیں آیا۔
کچے میں بار بار آپریشن ہوئے
کچھ ڈاکو مارے گئے
کچھ گرفتار ہوئے
کچھ ہتھیار ڈال گئے
مگر امن نہیں آیا۔
کیوں؟
کیونکہ
آپریشن کے بعد پولیس واپس چلی جاتی ہے۔
انتظامیہ موجود نہیں۔
اسکول، ہسپتال، روزگار نہیں ہیں۔
مجھے بتا دیں کبھی کوئی ڈی سی یا اے سی یا کمشنر نے کبھی کچہ کا دورہ کیا ہے یا کچہ امن و امان کے حوالے سے قبائلی عمائدین کا کوئی جرگہ منعقد کیا ہے؟؟ آج تک نہیں۔
نہ کسی سیاست دان نہ کسی سردار نواب رئیس مخدوم کو کبھی ہوش آیا ہے۔
سندھ اور پنجاب کے کچے ایک ہی مسئلہ ہیں، مگر پالیسی دو ہیں۔
ایک صوبہ دوسرے کو دیکھتا رہتا ہے،
اور ڈاکو دونوں طرف سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
یہ سچ کڑوا ہے، مگر حقیقت ہے
ہم نے کچے کو سنبھالا نہیں ہے صرف کنٹرول کرنے کی کوشش کی ہے۔
کچہ کا حل صرف بندوق نہیں، مکمل ریاست ہے
اگر کچہ میں واقعی امن چاہیے تو چار چیزیں ایک ساتھ لانا ہوں گی
نمبر 1۔
مستقل سیکیورٹی
آپریشن نہیں، مستقل پولیس چوکیاں
پولیس کا سپیشل کچہ الاؤنس، مقامی نوجوانوں کی بھرتی اور جدید واٹر سپیڈ بوٹس، ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال۔
نمبر 2
زمین اور انصاف
جب تک کچے کی زمین کا قانونی ریکارڈ صاف نہیں ہوگا، بندوق فیصلہ کرتی رہے گی۔
کچہ کے لوگوں کو زمین 50 سالہ لیز پر دے کر انہیں ریکارڈ پہ لایا جائے۔
قبائلی دشمنیاں قتلوں کے فیصلے ڈی آئی جی لیول کا افسر کچہ کے مقامی قبائلی عمائدین کی ثالثی میں کرے۔
جو گروہ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالے اور اپنے جرائم کا عدالتی سامنا کرے تو ریاست اس کی مالی مدد، خاندان، زمین اور جانوروں کے تحفظ کی گارنٹی، بے نظیر انکم سپورٹ کی طرز کا
کچہ سپورٹ پروگرام شروع کئے جائیں۔
سندھ کچہ سرینڈر پروگرام اس کی واضح مثال ہے۔
نمبر 3۔
معیشت اور روزگار
ماہی گیری، زراعت، لائیوسٹاک — اگر روزگار ہوگا تو
بندوق بوجھ بن جائے گی۔
بلاسود قرضوں کی فراہمی۔
پائیدار انفراسٹرکچر: مستقل اسکول، موبائل صحت مراکز، چھوٹے پل، سڑکیں جو سیلابی تبدیلیاں برداشت کریں یہ علاقوں کو ریاست کے قریب لائیں گے۔
نمبر 4۔
تعلیم اور شناخت
شناخت کے بغیر شہری نہیں بنتے
اور تعلیم کے بغیر ریاست مضبوط نہیں ہوتی۔
اس لئے ضروری ہے کہ کچہ کی عوام کو ریکارڈ پہ لایا جائے۔
کچہ کو فوجی محاذ نہیں، سماجی بحالی کا علاقہ سمجھنا ہوگا۔
کچہ پاکستان ہے، جنگل نہیں — فیصلہ ہمیں کرنا ہے
کچہ کوئی دور دراز جنگل نہیں
یہ پاکستان کا حصہ ہے
یہاں بسنے والے لوگ بھی اتنے ہی شہری ہیں جتنے ہم اور آپ۔
اگر آج ہم نے کچے کو نظرانداز کیا
صرف آپریشن پر تکیہ کیا تو حالات کبھی بدل نہ سکیں گے۔ آپریشن وقتی حل تو ہو سکتا ہے مگر مستقل حل نہیں ہے۔
یہ صرف کچے کا مسئلہ نہیں
یہ ریاست کے ہونے یا نہ ہونے کا سوال ہے۔
فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے
یا تو ہم کچے کو پاکستان بنائیں
یا پھر آپریشن پہ آپریشن کرتے رہیں۔