*نکاح کو آسان بناؤ اور زنا کو مشکل کرو* بدھ 17 دسمبر 2025 تحقیق و تحرہر: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*نکاح کو آسان بناؤ اور زنا کو مشکل کرو*
بدھ 17 دسمبر 2025
تحقیق و تحرہر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
اسلام ایک ایسا دین ہے جو انسانی فطرت کے تمام تقاضوں کو حکمت اور اعتدال کے ساتھ پورا کرتا ہے۔ انسان کے اندر جنسی میلان ایک فطری جذبہ ہے، جسے اسلام نے دبانے کے بجائے نکاح کے پاکیزہ بندھن کے ذریعے جائز، باوقار اور محفوظ راستہ عطا فرمایا۔ لیکن جب معاشرے میں نکاح کو مشکل اور مہنگا بنا دیا جائے اور زنا کے اسباب عام ہو جائیں تو نتیجہ اخلاقی زوال، خاندانی انتشار اور روحانی تباہی کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ اسی لیے اسلام کا بنیادی اصول ہے:
“نکاح کو آسان بناؤ اور زنا کو مشکل کرو”۔
*اسلام میں نکاح کی اہمیت*
نکاح محض سماجی معاہدہ نہیں بلکہ ایک عبادت اور سنتِ نبوی ﷺ ہے۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
“اے نوجوانو! تم میں سے جو نکاح کی استطاعت رکھتا ہو وہ نکاح کر لے، کیونکہ یہ نگاہ کو جھکاتا اور شرمگاہ کی حفاظت کرتا ہے”
(بخاری، مسلم)
یہ حدیث واضح کرتی ہے کہ نکاح نہ صرف اخلاقی حفاظت کا ذریعہ ہے بلکہ زنا سے بچاؤ کی مضبوط دیوار بھی ہے۔
*نکاح کو مشکل بنانے کی موجودہ صورتیں*
آج کے معاشرے میں نکاح کو مختلف غیر شرعی اور غیر فطری پابندیوں میں جکڑ دیا گیا ہے، مثلاً:
1- بھاری حقِ مہر اور جہیز۔
2- فضول رسومات اور اسراف۔
3- ذات، برادری اور معاشی معیار۔
4- غیر ضروری تعلیم یا عمر کی شرط۔
5- نکاح میں تاخیر کو فخر سمجھنا۔
یہ تمام رکاوٹیں شریعت کی روح کے خلاف ہیں اور نوجوانوں کو حرام کی طرف دھکیلنے کا سبب بنتی ہیں۔
*زنا کی تباہ کاریاں*
زنا کو اسلام نے کبیرہ گناہوں میں شمار کیا ہے کیونکہ اس کے اثرات صرف فرد تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے معاشرے کو متاثر کرتے ہیں۔
قرآن مجید میں ارشاد ہے: ﴿وَلَا تَقْرَبُوا الزِّنَى ۖ إِنَّهُ كَانَ فَاحِشَةً وَسَاءَ سَبِيلًا﴾
(بنی اسرائیل: 32)
زنا کے نتیجے میں:
*خاندانی نظام تباہ ہوتا ہے
*نسب مشکوک ہو جاتے ہیں
*اخلاقی اقدار ختم ہو جاتی ہیں
*بیماریاں اور ذہنی انتشار پھیلتا ہے
اسلام نے زنا کو مشکل کیسے بنایا؟
اسلام نے صرف زنا سے منع نہیں کیا بلکہ اس کے تمام راستے بھی بند کیے:
*نگاہ نیچی رکھنے کا حکم
*پردے کا نظام
*خلوت سے ممانعت
*فحاشی کے فروغ پر پابندی
*غیر محرم سے غیر ضروری
*اختلاط کی ممانعت۔
یہ سب اقدامات زنا کو مشکل اور معاشرے کو پاکیزہ رکھنے کے لیے ہیں۔
*نکاح کو آسان بنانے کی اسلامی تعلیمات*
نبی کریم ﷺ نے فرمایا
“سب سے بابرکت نکاح وہ ہے جس میں خرچ کم ہو (بیہقی)
اسلام سادگی، سہولت اور آسانی کا دین ہے:
*کم مہر کی ترغیب۔
*ولی کی رضامندی کے ساتھ سادہ نکاح
*جہیز کی نفی
*فوری نکاح کی حوصلہ افزائی۔
ذمہ دار کون؟
نکاح کو مشکل بنانے اور زنا کے اسباب عام کرنے میں:
*والدین
*معاشرہ
*میڈیا
*خود نوجوان۔
*ہم سبھی کسی نہ کسی درجے میں ذمہ دار ہیں۔ اصلاح بھی سب کو مل کر کرنی ہوگی۔*
*عملی تجاویز*
1.سادہ نکاح کو فروغ دیا جائے۔
2.غیر ضروری رسومات کا بائیکاٹ کیا جائے۔
3.مساجد میں نکاح کو ترغیب دیا جائے۔
4.والدین میں دینی شعور پیدا کرنا
5.میڈیا پر فحاشی کے خلاف آواز اٹھائی جائے
6.نوجوانوں میں تقویٰ اور خود احتسابی پیدا کی جائے
*حصول نتائج کیلئے*
اگر ہم واقعی میں ایک پاکیزہ، مضبوط اور باوقار معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں اسلام کے اس سنہری اصول کو اپنانا ہوگا کہ نکاح کو آسان بنایا جائے اور زنا کے تمام راستوں کو مشکل اور بند کیا جائے۔ ورنہ اخلاقی بگاڑ، خاندانی انتشار اور اللہ کی ناراضی ہمارا مقدر بن جائے گی۔
اے عقل و دانش والے لوگو یاد رہے:
فرمان ربانی ہے
اسلام میں پورے کے پورے داخل ہو جاؤ۔
THERE IS NO PARTIALLY ISLAM.
پکا مسلمان بننا ہے تو اللہ تعالٰی کے سب احکامات ماننے پڑیں گے اور اپنی عبادات اور افعال نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت کے مطابق کرنے ہونگے۔
یہ نہیں ہو سکتا ہے ہم اللہ تعالی کی آسان آسان باتیں یعنی اپنی پسند کی باتوں پر عمل کریں لیکن جہاں آپکی مرضی پر آنچ آنے لگے تو ان امور سے کنارہ کشی اختیار کر جائیں۔
اے لیبرل مسلمانو!
کان کھول کر سن لو۔
1- اسلام میں بارات کو کوئی تصور نہیں۔
2- اسلامی نکاح میں ذیل کی فضول رسومات کا کہیں ذکر نہیں۔
3- منگنی کی تقریب، تیل، مائیوں مہندی ابٹن، دلہے اور دلہن کی سلامی، دلہن کی منہ دیکھائی جیسی فضول اور غیر شرعی رسومات کا کوئی وجود نہیں۔
4- شادیوں میں نکاح کی روٹی لڑکی والوں کے طرف سے کھانے کا کوئی تصور نہیں۔
5- شادی میں بینڈ باجے، کنجر خانے ڈھول ڈھماکے ہوائی فائرنگ کا کوئی تصور نہیں۔
6- گھوڑی بگھی، میوزک کنسرٹ اور مجرے اور مرد و زن کا اختلاط سب حرام حرام اور قطعی حرام۔
دلہن اور دلہے پر نوٹ نچھاور اور ڈالر برسانے کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ یہ دکھاوا ہے اور دین میں دکھاوا حرام ہے۔
*اختتامی دعاء*
اے اللہ! ہمیں تیرے احکامات کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرما، ہمارے معاشرے کو فحاشی اور بے حیائی سے پاک فرما، اور نکاح کو ہمارے لیے آسان اور بابرکت بنا دے۔
آمین یا رب العالمین
وما علینا آلا البلاغ المبین
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333