سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراجِ عقیدت، گڑھی خیرو میں ’یومِ سیاہ‘ منایا گیا
سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراجِ عقیدت، گڑھی خیرو میں ’یومِ سیاہ‘ منایا گیا
پاک ڈفینڈر سول آرگنائزیشن یو سی اللہ آباد کے زیرِ اہتمام تقریب، شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گٸیں۔
جیکب آباد (رپورٹ:اے جی بلوچ)تحصيل گڑھی خیرو میں پاک ڈفینڈر سول آرگنائزیشن یونین کونسل اللہ آباد کے زیرِ اہتمام 16 دسمبر (یومِ سیاہ) کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وطنِ عزیز کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، تقریب کے دوران شہداءِ وطن کی لازوال قربانیوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ اس موقع پر مرکزی انفارمیشن سیکریٹری محمد رمضان جمالی مہمانِ خاص تھے، جبکہ تقریب کی صدارت صدر یو سی اللہ آباد ڈاکٹر اسحاق بروہی نے کی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 16 دسمبر کا دن ہمیں ان معصوم روحوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پروگرام میں تنظیم کے تمام عہدیداران، کارکنان اور علاقے کی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے شہداء سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔