صوبائی وزیر میر طارق ٹالپر کی کھلی کچہری، افسران کو فوری عملدرآمد کی ہدایت۔
صوبائی وزیر میر طارق ٹالپر کی کھلی کچہری، افسران کو فوری عملدرآمد کی ہدایت۔
روٹی، کپڑا اور مکان منشور پر کوئی سمجھوتہ نہیں، میر طارق ٹالپر.
64 ہزار سینئر سٹیزنز کے مسائل حل ہو چکے ہیں، میر طارق علی خان ٹالپر
کھلی کچہری میں سرکاری افسران کی موجودگی، شکایات پر آن اسپاٹ فیصلے۔
قمبر شہدادکوٹ (13دسمبر2025 )
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے عوام دوست وژن کے تحت سندھ حکومت کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری ازالے کے سلسلے میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر حکومتِ سندھ و سیکرٹری جنرل میرپورخاص میر طارق علی خان ٹالپر کی صدارت میں ڈی سی آفس قمبر کے دربار ہال میں کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں شہریوں نے بلاواسطہ اپنے مسائل اعلیٰ حکام کے سامنے رکھے۔
کھلی کچہری میں ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی و چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل قمرالدین گوپانگ، سیکرٹری اطلاعات میرپورخاص تیمور علی مہر، میونسپل چیئرمین قمبر نوابزادہ ریحان خان چانڈیو، ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ امداد علی ابڑو سمیت ضلعی و تعلقہ قیادت، مختلف سرکاری اداروں کے افسران اور بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔
اس موقع پر شہریوں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران نے صحت، روزگار، سماجی بہبود اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل صوبائی وزیر کے سامنے پیش کیے، جنہیں سننے کے بعد میر طارق علی خان ٹالپر نے متعدد شکایات کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
صوبائی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق سندھ بھر میں سینئر سٹیزنز کا جامع سروے مکمل کیا گیا ہے، جس کے مطابق صوبے میں 2 لاکھ 60 ہزار سینئر سٹیزنز موجود ہیں، جن میں سے اب تک تقریباً 64 ہزار افراد کے مسائل حل کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی کیسز پر کام جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور ،روٹی، کپڑا اور مکان، کے تحت سندھ میں بے گھر افراد کے لیے 20 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے، جبکہ بے روزگار نوجوانوں کو گریڈ 1 سے 4 تک ملازمتوں کے آفر آرڈرز بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
کھلی کچہری میں ضلع جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی و وائس چیئرمین لالا غلام محمد اسراڻ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ذوہیب ضمیر اوڍاڻو، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی انتظامیہ کے مختلف محکموں کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔