رپورٹ شیخ عدنان سکھر 12 دسمبر 2025: قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر کی جانب سے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے
رپورٹ شیخ عدنان
سکھر 12 دسمبر 2025: قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر کی جانب سے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے سلسلے میں “نوجوانوں کے ساتھ بدعنوانی کے خلاف اتحاد، مستقبل کی دیانت داری کی بنیاد” کے موضوع پر منعقد کی جانے والی آگہی واک اور سیمینار سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر آصف احمد شیخ تھے۔ سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل نیب محمد عامر بٹ، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی، ڈائریکٹر گمس گمبٹ رحیم بخش بھٹی نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔ اس موقع پر عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر آصف احمد شیخ نے کہا کہ کرپشن معاشرے کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے تعلیم، تربیت، نظم و ضبط اور میرٹ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے انگریزی، اردو اور سندھی زبانوں میں ڈیکلیمیشن، مضمون نویسی اور پوسٹر پینٹنگ کے مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے سات طلبہ کے لیے خصوصی فری شپ کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ باصلاحیت نوجوان قوم کا سرمایۂ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ئی بدعنوانی کے انہیں مضبوط بناتی ہے۔ وائس چانسلر آصف احمد شیخ نے کہا کہ یہ ملک عظیم قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، لہٰذا اس کی حفاظت، شفافیت اور ترقی کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر کرپشن کا واقعی خاتمہ کرنا ہے تو سب سے پہلے تعلیمی اداروں میں میرٹ کو مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی اس اصول پر سختی سے کاربند ہے کہ جامعہ میں ہر داخلہ صرف میرٹ کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ یہی وہ بنیاد ہے جو ایک شفاف، مضبوط اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کرپشن کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہے گی اور نوجوان نسل کو تعلیم، شعور اور مضبوط اخلاقی اصولوں سے لیس کرکے ایک بہتر معاشرہ تشکیل دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
ڈائریکٹر جنرل نیب سکھر محمد عامر بٹ نے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، اور اس کے خلاف مؤثر جدوجہد کے لیے باشعور معاشرہ اور فعال ادارے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے نیب کی جانب سے سال بھر مختلف سطحوں پر آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے، جو تحصیل کی سطح سے شروع ہوکر ڈویزن اور ریجنل سطح کے بڑے پروگرامز تک پہنچتے ہیں۔ ڈی جی نیب سکھر نے بتایا کہ عوامی شکایات میں شفافیت اور کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مرتبہ نیب سکھر نے تمام بڑی ریکوری کرکے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر ثابت کیا ہے، جو بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی اعتماد کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ڈی جی نیب نے کہا کہ نوجوان نسل میں آگاہی پیدا کرنے، عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے اور ادارہ جاتی شفافیت بڑھانے کے لیے تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیب سکھر بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتا رہے گا۔
کمشنر سکھر ڈویزن عابد سلیم قریشی نے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بطور معاشرہ کرپشن کے حقیقی معنی اور اس کے اثرات سے پوری طرح آگاہ نہیں ہیں۔ بہت سے ایسے معاملات ہیں جنہیں ہم معمول سمجھ کر برداشت کر لیتے ہیں، حالانکہ وہ بدعنوانی کی واضح شکلیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم تحفظ اور ذاتی مفادات کے دباؤ نے کرپشن کو جنم دیا ہے، جس کے سدباب کے لیے اجتماعی شعور اور مضبوط ادارہ جاتی کردار بے حد ضروری ہے۔ عابد سلیم قریشی نے اپنے خطاب میں زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک معاشرے میں خود احتسابی، ایمانداری اور جوابدہی کا رجحان پروان نہیں چڑھے گا، کرپشن کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین، اساتذہ، سرکاری ادارے، کاروباری طبقہ اور نوجوان سب کو اپنی اپنی سطح پر کرپشن کے خلاف عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف مؤثر جدوجہد کے لیے قانون پر عمل درآمد، شفافیت، ادارہ جاتی مضبوطی اور شہری ذمہ داریوں کا ادراک بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ معاشرے کی اصلاح فرد سے شروع ہوتی ہے، اور اگر ہر شہری اپنے دائرہ کار میں ایمانداری اختیار کرے تو بدعنوانی کا خاتمہ ممکن ہے۔
میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن ایک ایسا ناسور ہے جس نے معاشرتی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اس کا خاتمہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہم سب مل کر مشترکہ جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک معاشرے میں پائے جانے والے تضادات اور سماجی گیپس ختم نہیں ہوں گے، اس وقت تک ایک مکمل طور پر کرپشن فری معاشرہ تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف یکجہ اور مسلسل آواز اٹھانا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ یہ مسئلہ صرف کسی ایک ادارے یا فرد کا نہیں بلکہ پوری قوم کا چیلنج ہے۔ میئر سکھر نے مزید کہا کہ ایسے آگہی پروگرامز اور سیمینارز کو مہینے میں ایک سے دو مرتبہ باقاعدگی سے منعقد کیا جانا چاہیے تاکہ نوجوانوں، سرکاری ملازمین، شہریوں اور سول سوسائٹی میں بدعنوانی کے خلاف شعور مضبوط ہو۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ آج تمام شرکاء اس پلیٹ فارم پر موجود ہیں، آئیں ہم سب مل کر اس ناسور کو معاشرے سے باہر پھینکنے کا عزم کریں، اور اپنے کردار اور ذمہ داری کو ایمانداری، شفافیت اور دیانت داری سے ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صاف شفاف معاشرہ تبھی جنم لے گا جب ہر شہری اپنی سطح پر کرپشن کے خلاف عملی اقدام کرے گا۔
عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر گمس گمبٹ ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے کہا کہ کرپشن ایک ایسی معاشرتی بیماری ہے جس نے اداروں کی ساکھ، عوامی اعتماد اور ترقی کی رفتار کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے صرف قوانین کافی نہیں، بلکہ گھر گھر اور اسکول اسکول جا کر آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ عوام اس کے مضر اثرات سے مکمل طور پر آگاہ ہو سکیں۔ ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے سدباب کے لیے وسائل کی منصفانہ تقسیم بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ جب تک سہولیات اور مواقع سب تک برابری کی بنیاد پر نہیں پہنچیں گے، اس وقت تک معاشرے سے بدعنوانی کا خاتمہ ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت، ایمانداری اور جوابدہی کو اداروں میں مضبوط کیے بغیر ترقی کا کوئی راستہ پائیدار نہیں ہو سکتا۔
سیمینار میں تینوں ڈویزنز کے نمایاں طلبہ و طالبات نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا، جن میں انگریزی، اردو اور سندھی تقریری مقابلے (ڈیکلیمیشن)، انگریزی و اردو مضمون نویسی، سندھی مضمون نویسی اور پوسٹر پینٹنگ شامل تھے۔ مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات جنہوں نے پوزیشن حاصل کی۔ انگریزی ڈیکلیمیشن میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول ایم اے مجید سندھی/ شکارپور کے آغا اصغر علی نے حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن پی ایس پی اسکول سینئر برانچ نواب شاہ کی طاہرین فاطمہ اور تیسری پوزیشن کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے کیڈٹ بلال سکندر نے مار لی۔ اردو ڈیکلیمیشن کے مقابلے میں پہلی پوزیشن کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے کیڈٹ احمد مصطفیٰ کے نام ہوئی، جبکہ دوسری پوزیشن گورنمنٹ کیڈٹ کالج پنوعاقل کے کیڈٹ محمد طیب اور تیسری پوزیشن ایچ ڈبلیو اے ماڈل اسکول سیف ، شہید بینظیر آباد کے حمزہ نے حاصل کی۔ سندھی ڈیکلیمیشن کے سنسنی خیز مقابلے میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بھچری کی تمنا شوکت علی نے حاصل کی، جبکہ دوسری پوزیشن بینظیر پبلک اسکول نواب شاہ کی ماہین جونو نے اور تیسری پوزیشن گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کھنڈو، وارہ کی امِ کلثوم نے لی۔ اس کے علاوہ انگریزی مضمون نویسی میں پہلی پوزیشن کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے کیڈٹ فراز نے، دوسری پوزیشن گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول سکرنڈ کے شیراز اور تیسری پوزیشن انسپائرڈ ماڈل اسکول لاڑکانہ کے طلعت شاہین نے مار لی۔ اردو مضمون نویسی کا بھی شاندار مقابلے ہوئے جس میں ایف اے ایس آئی بی کھوڑو ہائی اسکول لاڑکانہ کی شفا بتول نے پہلی، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول دوڑ، نواب شاہ کے محمد مبشر علی نے دوسری جبکہ ہرا سیکنڈری اسکول شکارپور کی امسال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کے ساتھ ساتھ سندھی مضمون نویسی کا بھی شاندار مقابلے ہوئے جس میں گورنمنٹ ماڈرن این ہائی اسکول سکھر کی حسینہ ابڑو نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ دوسری پوزیشن گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کورٹ روڈ نواب شاہ کی معصومہ نے اور تیسری پوزیشن گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نوڈیرو کی زہرا تہرین اٹھائى۔ اس کے علاوہ پوسٹر پینٹنگ کے مقابلے میں پہلی پوزیشن مریم ماڈل ہائی اسکول، ضلع قمبر شہدادکوٹ کی شاہیلا نے حاصل کی، دوسری پوزیشن گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول نوڈیرو کی جویریہ نے جبکہ تیسری پوزیشن پی ایس پی اسکول سینئر برانچ نواب شاہ کی سیدہ فضا فاطمہ نے حاصل کی۔ اس موقع پر موجود مہمانوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو سراہا اور ان میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کی۔