پروفیسر ملک عطر خان جسرا — وہ چراغ جو دلوں کو منور کرتا ہے خصوصی تحریر : راجہ نورالہی عاطف
پروفیسر ملک عطر خان جسرا — وہ چراغ جو دلوں کو منور کرتا ہے
خصوصی تحریر : راجہ نورالہی عاطف
انسانی معاشروں میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کا وجود محض ایک فرد کا نام نہیں ہوتا بلکہ ایک انجمن، ایک تحریک اور ایک درسگاہ ہوتا ہے۔ وہ لوگ جو اپنے کردار، علم، اخلاص اور محبت سے نہ صرف دل جیتتے ہیں بلکہ دلوں میں گھر بھی بناتے ہیں۔ پروفیسر ملک عطر خان جسرا بھی ایسی ہی ہردلعزیز، نرم گفتار، مخلص اور باوقار شخصیت کا نام ہے جن کی خوشبو اردگرد کے ماحول کو مہکا دیتی ہے۔
آپ کا تعلق پیلووینس سے ہے۔ مقامی سطح پرابتدائی تعلیم پانے کے بعد انہوں نے ایم اے ، ایم فل اور ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور بعد ازاں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان کے بعد لیکچرر سلیکٹ ہوئے اور پہلی تعیناتی اٹک کالج میں ہوئی وہاں سے ٹرانسفر ہوکر کچھ عرصہ گورنمنٹ کالج قائد آباد تعینات رہے۔ اب 2011 ء سے گورنمنٹ گریجویٹ کالج جوہر آباد میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ اللہ تبارک و تعالی ا کی ذات والا صفات نے پروفیسر ملک عطر خان جسرا کو اعلی ا صلاحیتیں ودیعت کی ہیں ۔ آپ انتہائی ہر دلعزیز ،پروقار ،ملنسار، ہنس مکھ اور معاملہ فہم شخصیت کے مالک ہیں ۔
موصوف اب تک بے شمار طلباء کو زیور تعلیم سے آراستہ کر چکے ہیں اور آپ کے بے شمار شاگردان عزیز زندگی کے مختلف شعبہ جات میں خدمات سر انجام دے رہے۔ راقم الحروف (راجہ نور الہی عاطف) کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران پروفیسر ملک عطر خان جسرا کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ نونہالان وطن کی ہمہ جہتی تعلیم و تربیت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے میں ہرگز کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کروں گا ۔پروفیسر عطر خان کی علمی بصیرت اُن کی شخصیت کا سب سے نمایاں پہلو ہے۔ تدریس اُن کے لیے صرف پیشہ نہیں بلکہ عشق اور ذمہ داری ہے۔ وہ کلاس روم کو محض کتابی معلومات تک محدود نہیں رکھتے بلکہ نوجوانوں کے ذہنوں میں سوال اٹھانے، سوچنے، اور معاشرے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے جذبات بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ اُن کی گفتگو دلیل، منطق اور تجربے کا حسین امتزاج ہوتی ہے۔
پروفیسر عطر خان کی ہردلعزیزی کی سب سے بڑی وجہ اُن کی بے مثال شرافت اور مردم شناسی ہے۔ وہ ہر طبقے کے شخص سے اسی وقار اور محبت سے ملتے ہیں جس کے وہ خود حقدار ہیں۔ ان کی گفتگو میں نرمی اور مسکراہٹ میں وہ کشش ہے جو انسان کو پہلی ہی ملاقات میں اپنا بنا لیتی ہے۔
خدمتِ خلق اُن کی شخصیت کا وہ پہلو ہے جس کا اعتراف نہ صرف ان کے شاگرد کرتے ہیں بلکہ ہر وہ شخص جسرا کا باشندہ جس نے ان کے قریب رہ کر زندگی کے کسی گوشے میں سہارا پایا۔ وہ ہر کسی کے دکھ سکھ میں شریک ہونے کو فرض سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پروفیسری کے منصب کے باوجود اُن کا انداز ایک بڑے بھائی، ایک رہنما اور ایک مشیر جیسا ہوتا ہے۔
پروفیسر ملک عطر خان جسرا سماجی میدان میں بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ وہ تعلیم کے فروغ، سماجی ہم آہنگی اور انسانی کردار سازی کے سفیر ہیں۔ گاؤں اور حلقے کے شہری اُنہیں ایک ایسے شخص کے طور پر جانتے ہیں جو ہمیشہ نفرت کی دیواروں کو گرانے اور محبت کے پل بچھانے کی بات کرتا ہے۔ اُن کی موجودگی ہر محفل کو باوقار بناتی ہے، اور اُن کی رائے ہمیشہ متوازن، مدلل اور قابلِ غور سمجھی جاتی ہے۔
اس دورِ ہنگامہ خیزی میں جہاں نوجوان بے یقینی کا شکار ہیں، پروفیسر عطر خان اُن کے لیے روشنی کی علامت بن کر سامنے آتے ہیں۔ وہ نہ صرف انہیں تعلیم کی اہمیت سمجھاتے ہیں بلکہ کردار، اخلاق اور مثبت سوچ کی بنیاد بھی رکھتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان کتاب سے دوستی کریں، علم کو اپنا سرمایہ بنائیں اور اپنے علاقے، خاندان اور ملک کے لیے اثاثہ بنیں۔
بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کا ظاہر و باطن ایک جیسا ہو، اور پروفیسر عطر خان انہی چند گنے چنے افراد میں سے ہیں۔ ان کی سادگی اُن کی بڑائی ہے اور اُن کی بردباری اُن کا ہتھیار۔ وہ نہ شہرت کے طالب ہیں اور نہ ہی منصب کے خواہشمند؛ انہیں اگر کچھ عزیز ہے تو وہ ہے انسانیت، محبت اور خدمت۔
پروفیسر ملک عطر خان جسرا کا شمار اُن شخصیات میں ہوتا ہے جو اپنے ماحول کو بہتر، روشن اور مہذب بنانے میں خاموش مگر موثر کردار ادا کرتی ہیں۔ وہ دلوں میں رہنے والے، رشتوں کو نبھانے والے، اور سماج کو جوڑنے والے انسان ہیں۔ ان کی شخصیت کے چراغ کی روشنی نہ صرف اُن کے شاگردوں کے راستے منور کرتی ہے بلکہ اُن تمام لوگوں کو راستہ دکھاتی ہے جو ان سے محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انہیں صحت، عزت اور مزید کامیابیوں سے نوازے تاکہ وہ اسی محبت اور خلوص کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھ سکیں۔ آمین