November 24, 2026

سرگودھا( راجہ نورالہی عاطف سے ) عالمی یوم والنٹیئر منانے کا مقصد یہ ہے کہ پوری دنیا میں

IMG-20251207-WA0080

سرگودھا( راجہ نورالہی عاطف سے ) عالمی یوم والنٹیئر منانے کا مقصد یہ ہے کہ پوری دنیا میں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے ۔ان کی سوچ میں عالمی امن، بھائی چارے، اخوت و مروت نیز صبر و برداشت اجاگر کیا جائے۔ والنٹیئر ہونا بہت بڑی سعادت ہے۔ ہمیں اپنی ذات سے بالاتر ہو کر دوسروں کی خدمت کرنا ہوگی۔ اِن خیالات کا اظہار چیف وارڈن سول ڈیفنس سرگودھا ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے عالمی یوم ولنٹیئر کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس میموریل ہائی سکول میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سول ڈیفنس آفیسر معظم سلطان ،سینئر ہیڈ ماسٹر سکول ہذا سید احتشام الحق ہمدانی، چیف انسٹرکٹر مہر محمد یوسف، محمد راحیل، مہر محمد یونس ، علیشا سعید ، امیر حمزہ اور شبیرشریف دیگر نے بھی اظہار خیال کیا ۔ڈاکٹرہارون الرشید تبسم نے مزید کہا اپنی مدد آپ کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ پاکستان میں سماجی تنظیموں کے ولنٹیئرز خصوصاً تنظیم شہری دفاع کی رضاکاروں کی خدمات قابل تعریف اور قابل تقلید ہیں۔ 5 دسمبر کو پوری دنیا میں یہ عزم کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی شام غم کو صبح خندہ کرتے رہیں گے۔ معظم سلطان نے کہا کہ پنجاب بھر میں تنظیم سازی کا سلسلہ جاری ہے ۔ہمیں آن لائن رجسٹر کروانا چاہیے۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب تنظیم شہری دفاع کو فعال بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔ چیف انسٹرکٹر مہر محمد یوسف نے کہا کہ تربیت کے بغیر دفاع کے مقاصد کی تکمیل ناممکن ہے۔ ہمیں شہری دفاع کی تربیت حاصل کرنا چاہیے۔ مہر محمد یونس نے کہا کہ ہمارے رضاکار پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ ہرارضی اور سماوی پریشانی میں شہریوں کی مدد کرتے ہیں۔ تنظیم شہری دفاع سرگودھا نے نامساعد حالات کے باوجود شہریوں کی خدمت کی ہے۔ سید احتشام الحق ہمدانی نے کہا کہ پاکستان سے محبت ہماری اوّلین ترجیح ہے ۔ہماری انفرادی زندگی پاکستان سے ہی جڑی ہوئی ہے۔ طالب علموں کو چاہیے کہ وہ شہری دفاع کے رضاکاروں کی طرح خدمت کو اپنا شعار بنائیں ۔ مس علیشا سعید نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا حسن ہیں۔ زندگی کے ہر شعبہ میں اُن کی خدمات کا اعتراف کیا جا رہا ہے ۔ خواتین کو سول ڈیفنس میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنا چاہیے۔ ایک عرصہ سے سرگودھا کی تنظیم شہری دفاع میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ نظامت کے فرائض محمد راحیل نے انجام دیے۔بعد از تقریب ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔والنٹیئرز ڈے کے حوالے سے بینرز لگائے گئے تھے ۔ریلی کے شرکا نے بھی پینا فلیکس پر والنٹیئر ڈے کے مقاصد درج کیے ہوئے تھے۔ پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند ہوتے رہے۔ سول ڈیفنس کے باوردی رضاکاروں نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ ملکی اسلامتی اور انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔