November 17, 2026

نورپورتھل (راجہ نورالہیٰ عاطف سے)معروف سماجی شخصیت اور ہردلعزیز سوشل ورکر ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے نوجوان نسل کو مثبت اور تعمیری

IMG-20251130-WA0177

نورپورتھل (راجہ نورالہیٰ عاطف سے)معروف سماجی شخصیت اور ہردلعزیز سوشل ورکر ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے نوجوان نسل کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی پرزور تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا بنیادی سرمایہ اور روشن مستقبل ہوتے ہیں۔ قوموں کی ترقی ہمیشہ اس وقت ممکن ہوتی ہے جب نوجوان اپنی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کریں، تعلیم، کھیل، ہنر اور سماجی خدمت جیسے شعبوں میں آگے بڑھیں اور اپنی توانائیوں کو تعمیری مقاصد کے لیے بروئے کار لائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کا دور مقابلے اور جدوجہد کا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور فنی مہارتوں کے حصول کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ منفی سرگرمیوں، وقت کے ضیاع اور بے مقصد مصروفیات سے بچ کر نوجوان اپنے مستقبل کو سنوار سکتے ہیں اور ملک و قوم کی ترقی میں حقیقی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے کھیل میدانوں کا رخ کریں، کتاب سے دوستی بڑھائیں، کمیونٹی ورک میں حصہ لیں اور اپنے بزرگوں کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تھل کا نوجوان باصلاحیت اور محنتی ہے، اگر اسے صحیح رہنمائی اور مثبت ماحول ملے تو وہ کسی بھی شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھا سکتا ہے۔
انہوں نے تمام والدین، اساتذہ کرام اور سماجی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل کی رہنمائی، حوصلہ افزائی اور کردار سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ آنے والا وقت ایک باصلاحیت، باشعور اور ذمہ دار نوجوان نسل کے ہاتھوں محفوظ بنایا جا سکے۔