October 11, 2026

سکھر: غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع منصوبہ تیار، شہریوں اور تاجروں سے تعاون کی اپیل

IMG-20251123-WA0142

سکھر: غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع منصوبہ تیار، شہریوں اور تاجروں سے تعاون کی اپیل
اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی سارہ فراز کی ترجیحات میں شہر کی ٹریفک روانی اور منظم انتظام شامل

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی سارہ فراز نے کہا ہے کہ شہر کو انکروچمنٹ اور غیر قانونی پارکنگ جیسے دیرینہ مسائل سے مکمل طور پر نجات دلانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکھر کے مرکزی بازاروں، تجارتی مقامات اور مصروف شاہراہوں پر برسوں سے قائم تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ ٹریفک کی روانی میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ماضی میں متعدد آپریشنز کے باوجود مستقل حل نہ ہونے کی وجہ سے یہ مسائل بار بار سر اٹھا لیتے ہیں۔ سارہ فراز نے واضح کیا کہ سکھر شہر میں سب سے بڑی مشکل باقاعدہ اور مخصوص پارکنگ ایریاز کا نہ ہونا ہے، جس کی وجہ سے شہری مجبوری کے تحت سڑک کنارے گاڑیاں پارک کرتے ہیں اور ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے تاجر برادری کے تعاون سے ایک جامع پلان تیار کیا ہے۔ اس منصوبے کے مطابق شہر کے تمام دکانداروں کو اپنی دکان کے باہر صرف دو فٹ جگہ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جہاں وہ اپنا کاروباری سامان رکھ سکیں گے، جبکہ اس کے علاوہ سڑک یا فٹ پاتھ پر کوئی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو بھی سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری نے اس پلان سے اصولی اتفاق کر لیا ہے اور انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم اگر کوئی دکاندار یا شہری حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔سارہ فراز نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی بہتری اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، تاکہ سکھر کو صاف، منظم اور رہنے کے قابل شہر بنایا جا سکے۔