18 سال بعد لاپتا ہونے والی کرن اپنے والدین سے ملنے کے قریب
18 سال بعد لاپتا ہونے والی کرن اپنے والدین سے ملنے کے قریب
پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی کاوش بار آور، قصور میں والدین کا سراغ لگ گیا
(رپورٹ: وجئے کمار واسوانی — انٹرنیشنل نیوز، دعا اِن لائنپ)
قصور/کراچی — 18 سال کی طویل جدائی کے بعد بالآخر وہ خوشی کی گھڑی آ پہنچی ہے جس کا انتظار ایک خاندان برسوں سے امید اور بے بسی کے ساتھ کر رہا تھا۔ کراچی کے ایدھی سینٹر میں 2008 سے موجود لاوارث بچی کرن کے والدین کا سراغ قصور میں لگا لیا گیا ہے، اور جلد اسے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اپنے گھر والوں کے سپرد کر دیا جائے گا۔
کرن کی زندگی ایک درد بھرا سفر رہی۔ کم عمری میں وہ اپنی والدہ کے ساتھ نانی کے گھر قصور گئی تھی جہاں سے وہ گم ہوگئی۔ بچی کسی طرح کراچی پہنچ گئی اور ایدھی سینٹر منتقل کی گئی، مگر اسے اپنے بارے میں صرف نام اور “قصور” کے علاوہ کچھ یاد نہ تھا۔ اس کی فائل پر درج پراسرار لفظ “بگڑی” برسوں تک کسی کو کچھ سمجھ نہ آ سکا۔
معاملہ اُس وقت حل ہوا جب پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی میرا پیارا ٹیم لاہور سے کراچی پہنچی۔ ٹیم کے آفیسر ارسلان ظفر، جو خود قصور کے رہائشی ہیں، نے “بگڑی” کا لفظ دیکھتے ہی اندازہ لگایا کہ قصور میں گاؤں بگڑی موجود ہے۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کی گئی، پولیس سے رابطہ ہوا اور قصور سیف سٹی کی خصوصی ٹیم کو گاؤں بھیجا گیا۔
معجزہ اس وقت ہوا جب کرن کے والد نے اسے شناخت کر لیا۔ بعد ازاں بچی کی فون پر اپنے والد سے گفتگو بھی کروائی گئی، جس کے بعد تصدیقی عمل اور قانونی لائحہ عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کرن کو باعزت طریقے سے اس کے خاندان کے حوالے کیا جا سکے۔
پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق میرا پیارا پروگرام کا مقصد یہی ہے کہ کوئی بچہ، بزرگ یا خصوصی فرد اپنے پیاروں سے جدا نہ رہے۔ ہر خاندان کو اس کا بچھڑا ہوا فرد واپس ملے — انشااللہ۔
الحمدللہ، اللہ تعالیٰ کے فضل کرم سے 18 سال پرانا یہ دردناک کیس بالآخر حل ہوگیا۔