گوجرانوالہ(راجہ نورالہی عاطف سے ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل گوجرانوالہ فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا پیغام ہر دور کے لیے ہے
گوجرانوالہ(راجہ نورالہی عاطف سے ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل گوجرانوالہ فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا پیغام ہر دور کے لیے ہے۔ اقبال ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کا گراں قدر تحفہ ہے۔ آج پوری دنیا میں ان کے افکار سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ ایک مضبوط قوم بننے کے لیے ہمیں اُن کے کلام کا عمیق مطالعہ کرنا چاہیے۔ کلام اقبال کو صحت لفظی کے ساتھ پڑھنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گوجرانوالہ آرٹس کونسل میں کارواں ویلفیئر سوسائٹی نظریہ پاکستان موومنٹ پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام فکر اقبال کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت شاہینوں کے شہر سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ماہر اقبالیات ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کی۔ اے ڈی سی جی فیصل سلطان نے مزید کہا کہ ہمیں اقبال کے افکار سے استفادہ کرنا چاہیے جس طرح اقبال نے ایک خوابیدہ قوم کو بیدار کیا ہے اسی طرح ہمیں اس کے کلام سے اپنی زندگی میں رعنائی و زیبائی بیدار کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ نظریہ پاکستان ہماری اساس ہے۔پاکستان کی تعمیر و ترقی کادارومدار نظریہ پاکستان سے محبت میں مضمر ہے ۔ فکر اقبال کی روشنی میں ہمیں پاکستان کو فعال اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے اپنے فرائض انجام دینے ہوں گے۔ ڈاکٹر توسل نے مزید کہا کہ ہمیں منزل مقصود کی جانب گامزن رہنا چاہیے۔ ہم کب تک ایک نقطے پر کھڑے رہیں گے۔ ہمارا مستقبل اسی صورت میں روشن ہو سکتا ہے جب ہم اپنا آج بہتر کریں گے ۔اس تقریب سے آرگنائزر محمد سعید بھٹی نے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ حالات خواہ کیسے بھی ہوں ہمیں اپنے مشاہیر کو زندہ رکھنا چاہےے۔ علامہ محمد اقبال ہماری پہچان ہیں۔ اُنھوںنے ایک خود مختار ریاست کا تصور دے کر ہم پر احسانِ عظیم کیا۔ اس تصور کو حقیقت کا روپ عطاءکرنے کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اقبال نے بچوں ، جوانوں ، بوڑھوں اور خواتین سب کے لیے بیداری کا پیغام دیا اور عمل کی دعوت دی۔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور ڈاکٹر علامہ محمدا قبالؒ کی امانت ِ حسیں ہے۔ جس کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے ۔ ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس گوجرانوالہ غلام عباس فراست نے کہا کہ ہمیں دور جدید کے تقاضوں کے مطابق خود کو فعال اور مضبوط بنانا ہوگا۔ عالمی سطح کے تقاضوں سے نبرد ازما ہونے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا بہت ضروری ہے ۔ فکرِ اقبال ایک ایسا چارٹر ہے جس میں ہمارے تمام مسائل کا حل موجود ہے ۔ علاوہ ازیں چودھری شفقت ندیم گورئیہ،ہماریوں الخودی ، چودھری سجاد مشتاق، عابد حسین گورائیہ، سلیمان شاکر، حجاج اللہ صمدانی ، ملک زلفی ناز، زرمین مرزا، حاجی ظہیر عباس ، چودھری زاہد نعیم سندھو، صاحبزادہ سعید حاتم، میاں نذیر، غلام غوث، ساجد کاہلوں، انس ظہیر ، امجد شہزاد امجد، مجیب عالم، عثمان سکالر، اسیرم تبسم، چودھری عظمت اللہ ، راحت ثمر، ڈاکٹر نورین، آسیہ پروین اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔منتظمین کی جانب سے فیصل سلطان اور ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کو یادگاری شیلڈوں سے نوازا گیا۔